اشتعال انگیز تقاریر کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published on August 15, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 133)      No Comments

لاہور(یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اورامن و امان کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرامن فضا کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ضلعی وڈویژنل امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4درجاتی حصار بنائے جائیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا سوفیصد آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وال چاکنگ پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اورسکیورٹی انتظامات کی باقاعدگی سے مانٹیرنگ کی جائے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes