یوم عاشور 10محرم الحرام آ ج عقیدت و احترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ منایا جائے گا

Published on August 19, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 118)      No Comments

لاہور/اسلام آباد/کراچی/کوئٹہ/پشاور(یواین پی)نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج دسویں محرم الحرام بروز(جمعرات)کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے،مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہو گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے آج 10محرم الحرام کواپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں برپا کی جائیں گی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں نویں محرم الحرام کی طرح دس محرم کو بھی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی۔دس محرم الحرام کو مرکزی جلوسوں میں شامل ہونے والے مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد شامل ہو سکیں گے اس کے لئے واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کے منتظمین اور رضا کار بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں اور اس سلسلہ میں منتظمین کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس پر پابندی کے ذمہ داری ہوں گے کہ کوئی بھی اجنبی شخص اپنے طور پر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم نہ کرے۔جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائشگاہوں کی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔عاشور کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے امام بارگاہوں، مساجد، عبادت گاہوں اور مزارات کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لیے ہیں۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ دسویں محرم کے موقع پر بھی صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ لاہور میں دسویں محرم الحرام پر مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 34 ڈی ایس پیز، 83 ایس ایچ اوز فرائض سرانجام دے رہے ہیں، نویں اور دسویں محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، میں جلوسوں کے روٹس پر موبائل سروس بھی معطل رہے گی،اسلحہ کی نمائش پر کسی قسم کی کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی،تین درجاتی سیکیورٹی حصار میں گزرنے کے بعد جلوس و مجالس میں شرکت کی اجازت ہوگی، سیکورٹی کیلئے جلوسوں اور مجالس میں اضافی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں، ڈرون کیمروں کی مدد سے بھی جلوسوں کے روٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی،جلوسوں کے روٹس کو سراغ رساں کتوں کی مدد سے کلئیر کروایا جائے گا،چھتوں پر سنائپرز تعینات جبکہ تمام پر مجالس کیلئے وینٹیج پوائنٹس بھی تشکیل دئیے گئے ہیں، جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کیلئے الائیڈ محکموں کے ساتھ مل۔کر کنٹرول بھی قائم، شر پسند عناصر اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا،جلوسوں کے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے روٹس کی مکمل سرویلنس کی جائے رہی ہے، پولیس جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایل ٹی ای سیٹوں سے کمیونیکشنز برقرار رکھے گی،شہریوں کی آسانی کیلئے متبادل روٹ پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے، خود بھی فیلڈ اور کیمروں سے جلوس کے روٹس کی مانیٹرنگ کررہا ہوں،غفلت، لاپرواہی اور ڈیوٹی پوائنٹس سے غیر حاضری پر سخت کارروائی کا بھی عندیہ۔ یوم عاشورہ کے مو قع پر انتہا ئی الرٹ سکیو رٹی کے انتظاما ت مکمل کرلیے گئے ہیں،قصور پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے چا ک وچوبند ہے۔ڈی پی او نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پرضلع بھر میں 29جلوس اور 21مجالس ہوں گی جن کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں پر2 ایس پی،7ڈی ایس پی، 25 انسپکٹر، 114 سب انسپکٹر،191اسسٹنٹ سب انسپکٹر،221ہیڈ کانسٹیبل،1518کانسٹیبل،43لیڈ ی کانسٹیبل، 240پولیس قومی رضاکار،604وولنٹیئرز اور 150سول ڈیفنس کے ملازمین کل 3ہزار سے زائد افسران و اہلکاروان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے اس کے علاوہ ریزرو ہائے پنجا ب کانسٹیبلری،محافظ فورس،دفتری و کلیریکل سٹاف اور ایلیٹ فورس کے جوان بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ جلو س میں داخلہ کیلئے چار لیئر ڈیوٹی کو یقینی بنایا جائے گا،ذائرین کی چیکنگ بذریعہ واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹکٹراور بائیو میٹرک ویری فیکشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلو سوں کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات سے کروائی جائے گی۔ڈی پی او قصور نے مزید کہا کہ قصور میں یوم عاشورہ کے مو قع پر سکیو رٹی کے حوالے 6حساس مقامات پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر کے260سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو یکم محرم الحرا م سے 24گھنٹے کام کررہا ہے،اس کے علاوہ شہر قصور کے مرکزی جلوس کی سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا تمام جلوس اور مجالس کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، ایلیٹ فورس کے جوان جلوسوں کے آگے اور پیچھے سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے، جلوسوں کے روٹس سے ملحقہ راستوں کو عارضی طور پررکاوٹیں ڈال کر بند کیا جائے گا اسکے علاوہ روٹس کی چھتوں پر سنائپر موجود رہیں گے۔انہوں نے کہا شر انگیز تقاریر،وال چاکنگ،لاؤڈ سپیکر اور اسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا پولیس کے تمام جوان مختلف قسم کے جدید ہتھیا روں، ٹیئر گیس اور اینٹی را ئٹ کے سامان سے لیس ہو ں گے۔ایلیٹ فورس کی سپیشل ٹیمیں اور تھانہ جات کی گاڑیاں گشت کریں گی جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں سٹینڈ بائی ریزروز کیساتھ ساتھ پاک آرمی کے دو جبکہ رینجر کا ایک دستہ بھی موجود ہوگا، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی، لاوارث بیگ یا گاڑی کی صورت میں فوری 15پر اطلاع دیں یا25-9250124-049پر فوری کال کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔پولیس کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر علماء، ممبران امن مصالحتی کمیٹی، انجمن تاجران، صحافی اور عوام کا فرض ہے کہ وہ ایسے حالات میں عزاداروں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں انشاء اللہ سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی محرم الحرام بخیر و عافیت سے اختتام پذیر ہو گا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog