شہریوں کو سیوریج کی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے فرخ حبیب

Published on August 23, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 199)      No Comments

ترقیاتی منصوبے جلد مکمل ہونگے شہریوں کو سیوریج اور واٹر سپلائی کی مزید معیاری سروسز میسر آ جائیں گی
فیصل آباد (یو این پی)وزیرمملکت برائے اطلاعا ت و نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے متعدد ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کر لئے جائیں گے جس کے بعد شہریوں کو سیوریج اور واٹر سپلائی کی مزید معیاری اور بہترین سروسز میسر آ جائیں گی۔واسا ہیڈآفس میں چیئرمین ایف ڈی اے و رکن پنجاب اسمبلی لطیف نذر، ایم ڈی واسا جبار انور و دیگر افسران کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق شہریوں کو سیوریج کی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لئے وزیراعلی پنجاب پیکج کے تحت جاری کردہ فنڈز سے ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ نئی سکیموں کے ورک آرڈرز جلد جاری کردئیے جائیں گے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وارث پورہ، برکت پورہ، داؤد نگر، چمن زار، ابن مریم کالونی، خوشحال ٹاؤن، الحسن ٹاؤن، ملکھانوالہ روڈ و ملحقہ علاقوں میں سیوریج لائنوں، واٹر سپلائی کی مرمت وتبدیلی کی ترقیاتی سکیموں کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین ایف ڈی اے لطیف نذر نے کہا کہ ایف ڈی اے اور واسا مشترکہ طور پر شہریوں کو سیوریج اور پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور منظور ہونے والی ترقیاتی سکیموں کوجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ عوام کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکیں۔مینجنگ ڈائریکٹر واساجبار انور نے کہا کہ واسا محدود وسائل میں سیوریج کی معیاری سروسز فراہم کرہا ہے تاہم اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا جس سے شہرمیں سیوریج کے پانی کی نکاسی اورواٹر سپلائی میں مزید بہتری ممکن ہو گی۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ آلودگی اور تعفن سے پاک ماحول کیلئے سیوریج سسٹم میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے۔ انہوں نے سیوریج کا نظام کو بحال رکھنے میں عوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy