طالب علموں نے موثر انداز میں ڈینگی سے محفوظ رہنے کا پیغام دیا ڈپٹی کمشنرمحمد علی

Published on August 24, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 204)      No Comments

ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں آگاہی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ایجوکیشن اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا
فیصل آباد (یو این پی)ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلے میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے طلباءوطالبات کے مابین ڈینگی سے بچاؤ کی انسدادی واحتیاطی تدابیر پر مشتمل پوسٹر سازی وتقریری مقابلے میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئے جس میں 300سے زائد طالب علموں نے پینٹنگز تیار کیں اور متعدد طلباءوطالبات نے تقریری مقابلے میں حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔سی ای او ایجوکیشن علی احمدسیان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ڈی او ایجوکیشن طاہر صدیقی،روحیل ارشاد،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین،ماہر تعلیم اختر بٹ،انچارج کنٹرول روم محمد صادق کے علاوہ پرنسپلز،ہیڈ ٹیچرز اور طالب علم بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں آگاہی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ایجوکیشن اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ طالب علموں نے بہترین،جاندار اور موثر انداز میں ڈینگی سے محفوظ رہنے کا پیغام اجاگر کیا۔انہوں نے طالب علموں کی تیار کردہ پینٹگز دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے طالب علموں سے کہا کہ وہ سماج میں ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام اجاگر کریں تاکہ موجودہ سیزن میں بھی ڈینگی سے محفوظ رہا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی سطح پر انسداد ڈینگی کے لئے بھرپور اور ذمہ دار اقدامات جاری ہیں تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی کے خلاف جنگ میں کامیابی ممکن نہیں لہذا ڈینگی سے محفوظ رہنے کا سبق بار بار دہرانے کی ضرورت ہے۔سی ای او ایجوکیشن نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام آگاہی پروگرامز کا تسلسل سے انعقاد جاری ہے اور مقابلوں کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ سکولوں میں زیرو پیریڈ بھی شروع کیا جا رہا ہے ڈی ایچ او نے ڈینگی کی موجودہ صورتحال اور ان ڈور وآؤٹ ڈور سرویلنس سے آگاہ کیا۔اس موقع پر طالب علموں نے خاکوں کے ذریعے ڈینگی لاروا کی افزائش اور اس کی روک تھام کے طریقہ کارواحتیاطی تدابیر کو اجاگر کیا۔مصوری کے مقابلہ میں ایم سی ہائر سیکنڈری سکول علامہ اقبال روڈ کے طالب علم عبداللہ اشتیاق نے پہلی،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک نمبر258ر ب کی ملائکہ شمیم نے دوسری،گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول مدینہ ٹاؤن کی مریم رحمان نے تیسری اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول غلام محمد آباد کی طیبہ گل نے حوصلہ افزائی انعام جیتا جنہیں ڈپٹی کمشنر نے ٹرافیز تقسیم کیں۔اسی طرح تقریری مقابلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2سمندری کے حافظ عبدالرحمن نے پہلی،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک جھمرہ کی بشری اعظم خاں نے دوسری،گورنمنٹ کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کے محمد فیضان نے تیسری اورفائق مقبول نے حوصلہ افزائی انعام حاصل کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy