وزیراعظم محمد نواز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات

Published on April 17, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 192)      No Comments

011

اسلام آباد ۔۔۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک بہتر مستقبل کے لئے سیکورٹی، صحت، تعلیم اور غربت سمیت ملک کو درپیش متعدد چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے تمام اداروں کے احترام اور مضبوطی کیلئے بھی اپنا عزم ظاہر کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا اور سیاسی اداروں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مختلف صوبوں میں عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنے کے فیصلے اور وفاق اور صوبوں کے درمیان جاری تعاون کو بھی سراہا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سابق صدر اور ان کی ٹیم کو اپنے ترقیاتی وژن اور پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے، سندھ میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبہ میں کئی منصوبے پہلے تین برسوں کے دوران ترجیحی بنیاد پر عمل درآمد کے لئے شامل کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ میں عمل درآمدی نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں تحفظ پاکستان آرڈیننس، انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم سمیت مختلف قانون سازی امور اور آئندہ کے قانون سازی ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا۔ یہ اتفاق پایا گیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو قانون سازی پر اس کے موثر نفاذ کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے زاہد حامد کو ہدایت کی کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک اور مشاورت کریں تاکہ اگر ان کے کوئی تحفظات ہوں تو انہیں دور کیا جا سکے۔ یہ اتفاق پایا گیا کہ پاکستان کے عوام کی اپنے منتخب نمائندوں سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور اب یہ ناگزیر تقاضا ہے کہ منتخب نمائندے عام آدمی کی ضروریات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ان کی توقعات پر پورا اتریں جس میں روزگار، صحت، تعلیم اور چھت کی فراہمی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے ان مقاصد کے حصول کے لئے تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران کراچی میں جاری آپریشن کے خصوصی حوالے سے ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes