ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ کا عوامی شکایات پر رورل ہیلتھ سنٹر گھارو کا اچانک دورہ

Published on December 7, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 149)      No Comments

صحت مرکز میں ادویات کی عدم دستیابی، بدانتظامی اور درختوں کی کٹائی پر معاملہ اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی ہدایت
ٹھٹھہ (رپورٹ حمید چنڈ/یواین پی) ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے رورل ہیلتھ سنٹر گھارو کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر سنٹر میں ادویات کی عدم دستیابی، گائنی وارڈ میں آپریشن کی بندش، نرسری وارڈ کی غیر فعالیت، ڈاکٹروں اور عملے کی جانب سے ڈیوٹی میں غفلت اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر معاملہ اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹھٹہ کو ہدایت کی کہ وہ سنٹر میں صفائی ستھرائی، ادویات اور ڈاکٹرز و عملہ کی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے جلد رپورٹ پیش کریں تاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے انہیں رورل ہیلتھ سنٹر گھارو میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر کو نمایاں جگہ پر قائم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں ویکسین کے بارے میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مرکز صحت کا دورہ کریں اور انہیں ادویات کی کمی، بدانتظامی سمیت تمام صورتحال کے بارے میں رپورٹ کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے مکلی میں قائم کرونا ویکسینیشن کیمپ اور گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول گجو کا دورا کرکے کرونا ویکسینیشن مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹھٹہ ڈاکٹر محمد حنیف میمن، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ رورل ہیلتھ سنٹر گھارو ڈاکٹر نظام الدین خاصخیلی، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو ناصر احمد عباسی، مختیارکار ساکرو آصف سومرو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گھگھر پھاٹک رینجرز چیک پوسٹ پر قائم کرونا ویکسی نیشن سنٹر کا بھی دورہ کرکے جاری مہم کا جائزہ لیا اور طبی عملے کو ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے اور ریکارڈ کو بہتر طریقے سے محفوظ بنانے کی ہدایت کی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme