تھری جی سپیکٹرم کی نیلامی زونگ بازی لے گیا

Published on April 24, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 640)      No Comments

3G-and-4G-techs

زونگ اور موبی لنک نے 10،10 میگا ہرٹز، یوفون اور ٹیلی نارنے 5 ،5 میگا ہرٹزکے لائنسنس جیت لئے، زونگ نے فور جی ٹیکنالوجی سپیکٹرم میں 5 میگا ہرٹزکا لائسنس بھی حاصل کرلیا
تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کی نیلامی سے فوری طور پر 111 ارب روپے حاصل ہوں گے،ایک لائسنس فور جی اور ایک لائسنس نئے سرمایہ کارکیلئے باقی بچ گئے ہیں جن کی نیلامی سے مزید پچاس ارب روپے حاصل ہوں گے
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زاہد حامد ،انوشہ رحمان،سیکرٹریز قانون ، آئی ٹی،خزانہ اور چیئر مین پی ٹی اے کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد ۔۔۔ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کیلئے جدید ٹیکنالوجی تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کے لائسنسوں کی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا۔ چائنہ موبائل زونگ اور موبی لنک نے سب سے زیادہ بولی دے کر تھری جی 2100 میگا ہرٹز سپیکٹرم میں10،10 میگا ہرٹز کے لائسنس جیت لئے۔ زونگ نے18 سو میگا ہرٹز میں فور جی ٹیکنالوجی سپیکٹرم میں پانچ میگا ہرٹز کا بھی لائسنس حاصل کیا جب کہ یوفون اور ٹیلی نار بھی تھری جی ٹیکنالوجی میں 5 میگاہرٹز کیلئے کامیاب قرار پائے ۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کیلئے تبدیلی کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا ہے جس سے فوری طور پر 111 ارب روپے حاصل ہوں گے ہم نے بجٹ 2013-14ء میں اس دن سپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف 120 ارب روپے مقرر کیا تھا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد ،وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان،سیکرٹری قانون ،سیکرٹری آئی ٹی،سیکرٹری خزانہ اور چیئر مین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے اپنی توقعات سے زیادہ قیمت میں لائسنس نیلام کئے۔111ارب روپے حاصل ہوئے جبکہ ایک لائسنس فور جی اور ایک لائسنس نئے سرمایہ کار کیلئے باقی بچ گئے ہیں جنہیں جلد مناسب وقت پر نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا جس سے مزید پچاس ارب روپے پاکستان کو حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے تحت پی ٹی اے کے چیئرمین نے نیلامی کو کامیابی سے ہمکنار کیا جس کیلئے میں انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2010ء میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ یہ نیلامی 50 ارب میں کی جائے گی پھر 2011ء میں کہا کہ 75 ارب میں کریں گے۔2012ء میں 79 ارب روپے کا اعلان کیا گیا مگر ہماری حکومت نے فیصلہ کیا کہ کم از کم 120 ارب روپے میں تھری جی اور فور جی کے لائسنسوں کی نیلامی کریں گے۔ ہم نے چار سال ضائع کردیئے اب قوم کو مبارک ہو کہ یہ ٹیکنالوجی انہیں مل رہی ہے۔ ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیں پالیسی ہدایات دیں جس کے تحت یہ نیلامی ممکن ہوسکی۔ وزارت خزانہ نے نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کو ترجیج قرار دیا۔ ایک ایڈوائزری کمیٹی بھی قائم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نیلامی کی ویلیوزکو مقرر کرنے کیلئے عالمی معیار کی غیر ملکی کنسلٹینسی بھی حاصل کی گئی ۔ماضی میں بقایا جات کیلئے ایک طویل عرصہ تک مدت دی گئی۔ ہم نے 5 سال میں رقوم کی وصولی کے ضوابط وضع کئے جو مقررہ تاریخ تک رقم ادا نہیں کرے گا۔اس پر جرمانہ عائد ہوگا۔ بولی کی 50 فیصد رقم فوری ادا کی جائے گی۔نیلامی کے ضابطوں کو ماضی کی طرح طویل مدتی اور نرم رکھنے کیلئے ہم پر بڑا دباؤ ڈالا گیا مگر صبر اور حوصلے سے یہ مراحل طے کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ 10 میگاہرٹز کے تین لائسنس رکھے گئے تھے ایک کو توڑ کر 5 کے دو کردیئے جس سے ملک کو فائدہ ہوا۔ 4 جی کے دو لائسنس رکھے گئے ،تھری جی اور فور جی کیلئے یوفون اور ٹیلی نار نے بھی بولی میں حصہ لیا اور 5 میگاہرٹز ایک ایک لائسنس میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور آئی ٹی کی وزارت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ جو کہتی ہے کرکے دکھاتی ہے۔ہم ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزان کریں گے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اب وقت آگیا کہ پوری دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئیدوڑے گی اور اپنے لئے فخر محسوس کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا عمل مکمل ہوگیا اب جلد قوم کو یہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ وزیر آئی ٹی انوشہ رحمٰن نے کہا کہ نیلامی کا کام متحرک طریقہ کار کے تحت پایہ تکمیل کو پہنچا۔ پاکستان کو اس کا یہ فائدہ ہوا کہ ہم380 ملین سے نکل کر 1100 کی رینج میں داخل ہوگئے۔ اب تھری جی اور فور جی سے مقاصد کا حصول یقینی بنایا جائے گا جن کا وعدہ وزیراعظم نواز شریف نے کیا ہے۔ نیلامی کے عمل سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ملک ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہوچکا ہے ۔آج قوم کیلئے خوشی کا دن ہے ۔ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یو ٹیوب کو کھولنے سے متعلق دو رائے سامنے آئیں ایک گروپ کھولنا چاہتا ہے ،ایک نہیں کھولنا چاہتا،لوگ عدالت گئے جس پر سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پی ٹی اے غیر اخلاقی مواد کو یو ٹیوب پر بلاک کردے مجھے بتایا گیا کہ دنیا بھر میں پاکستان ہی نہیں کسی بھی ملک کے پاس ایسا میکانزم نہیں کہ وہ غیر اخلاقی مواد کو روک سکے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ہم نے وعدہ کیا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کو آئندہ 4 سال میں2 فیصد سے بڑھا کر دوگنا کردیں گے۔ یہ ہدف ہم حاصل کرکے رہیں گے۔ وزیر آئی ٹی انوشہ رحمٰن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تھری جی اور فور جی کی نیلامی کیلئے دنیا بھر میں دعوت دی گئی ۔قطر ،سعودی عرب اور ترکی میں روڈ شو کئے مگر مناسب رد عمل ظاہر نہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیشنز کا کام یہ بھی ہوتا ہے کہ نئی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ موجودہ سرمایہ کاری کو بھی تحفظ دینا لازم ہوتا ہے ۔ پی ٹی اے کے چیئرمین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا میکنزم نہیں کہ یو ٹیوب پر غیر اخلاقی مواد کو پوری طرح روکا جاسکے جہاں تک ممکن ہے ہم نے سائٹس کو بلاک کیا،قبل ازیں بولی کا عمل صبح10 بجے شروع ہوا اور شام کو چھ بجے مکمل ہوا۔ بولی کو 8 مراحل کے بعد بند کردیا گیا۔ بولی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے دی سی اوز نے سرگرمی سے حصہ لیا۔ یوفون کی منیجمنٹ نے نیلامی کے عمل میں کمپنی کے سی ای او عبدالعزیز کی طرف سے بعض تکنیکی خامیوں پر خفگی کا اظہار کیا اور انہیں فوری طور پر طلب کرلیا۔دریں اثناء بولی کا عمل مکمل ہونے پر اور زونگ کے سی ای او ڈاکٹر فان جون جون نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی مثالی ہے ہم پاکستان عوام کے ساتھ ہیں زونگ پاکستان میں2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔تھری جی کے لائسنس کے علاوہ مزید ایک ارب ڈالر خرچ کرے گا۔ اس موقع پر موبی لنک کے چیف ایگزیکٹو افسر راشد خان نے کہا کہ جدید طریقہ کار کے تحت پی ٹی اے نے شفاف عمل میں بولی کوکامیاب بنایا جس کیلئے حکومت وزیراعظم نواز شریف ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیر آئی ٹی انوشہ رحمٰن اور پی ٹی اے مبارک بادکی مستحق ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes