پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے نئی اور جدید صنعتوں کا قیام ناگزیر ہے، شہباز گل

Published on February 21, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 114)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کیلئے نئی اور جدید صنعتوں کا قیام ناگزیر ہے اور اس سلسلہ میں حکومت فیصل آباد میں جدید انڈسٹریل اسٹیٹس کی فوری آبادکاری کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے۔ سیاسی ابلاغ بارے وزیر اعظم کے مشیر شہباز گل نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ سے ملاقات کی اور 18سے 20مارچ تک فیصل آباد میں ہونے والی اکنامک کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور اس میں وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کے حوالے سے متعلقہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے معاشی بحالی اور بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے منشور پر عمل درآمد کیلئے بھی یہ انڈسٹریل اسٹیٹس کلیدی کردار ادا کریں گی جہاں ملکی سرمایہ کاروں کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی جدید اور ہائی ٹیک صنعتیں قائم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چینی صنعتوں کی ری لوکیشن بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے اس عمل کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے موجودہ حالات میں پاکستان اکنامک کانفرنس کے انعقاد کے فیصلے کو انتہائی مستحسن اور بروقت قرار دیا اور کہا کہ اس سے فیصل آباد کی معاشی سمت کو درست رکھنے کے ساتھ ساتھ اس پر تیزی سے عملدرآمد میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ معاشی ترقی کیلئے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے متحرک کردار کے نہ صرف معترف ہیں بلکہ وہ از خود اس میں دلچسپی لے رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ اس اکنامک کانفرنس میں شرکت بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پہلے ہی متعلقہ وزارتوں کو اس کانفرنس میں فوری شرکت کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں جس سے پائیدار معاشی ترقی کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور حکومت میں ہم آہنگی کی راہ ہموار ہوگی جبکہ اس سے عالمی تناظر میں نئی اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں بھی مدد لے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس کانفرنس کی اہمیت کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو اس کانفرنس میں لازمی شرکت کی بھی درخواست کریں گے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے انہیں اکنامک کانفرنس کے بنیادی اغراض و مقاصد اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی تاریخ میں پہلی بار اس سطح کی معاشی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس سے مقامی معاشی، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے جبکہ اس کانفرنس میں حکومت کو صنعت دوست پالیسیوں کی تشکیل کیلئے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ کی تیاری نے اس کانفرنس کی اہمیت کو دوچند کردیا اور توقع ہے کہ حکومت کو اس کانفرنس کی سفارشات کی روشنی میں بہترین عوام دوست بجٹ تیار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صرف تنقید اور مطالبات پر ہی یقین نہیں رکھتا بلکہ مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے قابل عمل حل بھی تجویز کرے گا۔ اس موقع پر پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن، آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ اور نائب صدر رانا فیاض بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes