حکومت نے کارکنوں کے سماجی و اقتصادی حالات بہتر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے،وزیراعظم کا یوم مئی کے موقع پر پیغام

Published on May 1, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 271)      No Comments

1
اسلام آباد ۔۔۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے کارکنوں کے سماجی و اقتصادی حالات بہتر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے، اسلامی تعلیمات میں مزدوروں کی عظمت اور فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی ہے، آجروں اور اجیروں کو پیداوار کے جدید ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔ یکم مئی (یوم مزدور) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت محنت کشوں اور کارکنوں کی سماجی و اقتصادی زندگی بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ نے مزدوروں سے محبت اور احترام سے پیش آنے کے لئے ایک رول ماڈل فراہم کیا، اسلام نے ہمیں مساوات اور بھائی چارے کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کا درس دیا ہے ہمارے دین کی اعلیٰ تعلیمات میں مزدوروں کی عظمت و بہبود پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لیبر مینجمنٹ بہتر بنانے اور شائستہ ماحول میں پیداواریت میں اضافے کے لئے صنعتی عمل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کا آغاز کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں 18 ویں ترمیم کے بعد ورکرز ویلفیئر فنڈ صوبائی حکومتوں کو منتقل کر دیا گیا ہے جو کارکنوں کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کے لئے سرگرمی سے پروگرام شروع کر رہی ہیں۔ لیبر لاز میں ترامیم لائی گئی ہیں تاکہ انہیں انٹرنیشنل لیبر معیارات سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن شکاگو کے ان کارکنوں کی قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے محنت کش طبقے کے حقوق اور نصب العین کے لئے 1886ء میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وزیراعظم نے آجروں اور اجیروں پر زور دیا ہے کہ وہ نئے عالمی چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے اور عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے مقابلے کے لئے پیداواریت کے جدید ذرائع استعمال کریں۔ انہوں نے اﷲ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کی دانش عطاء فرمائے تاکہ ہم سب پاکستان کو خوشحال فلاحی اسلامی ریاست بنا سکیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog