افواج پاکستان اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف

Published on May 1, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 528)      No Comments

5

اسلام آباد ۔۔۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ مسلح افواج قومی سلامتی،دفاع اور مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ ریاست کے باغیوں سے نمٹنے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے غیور عوام اور افواج پاکستان ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، پاک افواج کی طاقت کا سرچشمہ عوام کا اعتماد ہے اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا۔ وہ بدھ کو یہاں جی ایچ کیو میں یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ آرمی چیف نے کہا کہ آج کا دن ان شہداء کے نام ہے جنہوں نے 1947ء سے 2014ء تک وطن عزیز پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہم ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور شہداء کے دیگر لواحقین کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیارے اس وطن کے تحفظ پر نچھاور کر دیے۔ ہم ان غازیوں کی بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو وطن کیلئے دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحثیت قوم ایک ایسی جنگ کا سامنا ہے جس سے افواج پاکستان کے ساتھ ریاست کے تمام ادارے اور پاکستانی عوام بھی برسر پیکار ہیں۔ اس مناسبت سے میں نہ صرف افواج پاکستان، ایف سی، رینجرز، فرنٹئیر کانسٹیبلری، پولیس اور لیویز بلکہ ان ہزاروں محب وطن شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وطن عزیز کے استحکام کیلئے ان کا کردار لازوال اور ناقابل فراموش ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہمارے ملک کو بے شمار اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے مگر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان سیکورٹی کے دیگر اداروں خصوصاً سول آرمڈ فورسز ، پولیس اور انٹیلجنس اداروں کے ساتھ مل کر اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے ان تمام خطرات کے خلاف دیوار بن کر کھڑی رہیں گی اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ پاک افواج کی طاقت کا سرچشمہ عوام کا اعتماد ہے اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے۔ قوم کی حمایت کے ساتھ یقیناً ہمارے بہادر سپوت قومی سلامتی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انشاء اللہ ہر آنے والا دن عوام اور افواج پاکستان کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ افواج پاکستان نے دفاع وطن کے بنیادی فریضے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر وترقی اور فلاح وبہبود میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔پاک فوج دہشت گردی کے خاتمہ اور امن کی بحالی کے لئے ہر کوشش کی حمائت کرتی ہے آرمی چیف راحیل شریف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے یہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اور اس تنازعہ کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ افواج پاکستان امن کی خواہاں ہیں مگر کسی بھی قسم کی جاحیت کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان جمہوریت کے استحکام، آئین وقانون کی پاسداری اور بالادستی پر یقین رکھتی ہیں۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جس پر گامزن رہ کر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ہمیشہ کام کرتی رہیں گی۔۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے آپ کی افواج جذبہ شہادت سے سرشار ہیں۔ خوش نصیب ہیں ہمارے وہ ساتھی جنہیں یہ سعادت نصیب ہوئی۔ آج کا دن پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے یوم تجدید عہد بھی ہے۔ ہم شہداء کے لواحقین کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔ ہم بحثیت قوم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات دہرانا چاہتے ہیں کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ مسلح افواج قومی سلامتی اور مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme