اخوت کے زیراہتمام مزید 300 گھرانوں میں بلاسود قرضہ جات تقسیم

Published on March 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 139)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)اخوت کے زیراہتمام مزید 300 گھرانوں میں ایک کروڑ50لاکھ روپے کے بلاسود قرضہ جات تقسیم کئے گئے اس ضمن میں سادہ تقریب محکمہ انہار کی جامع مسجد میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوی ایس ایس پی پٹرولنگ مرزاانجم کمال،کنٹرولر امتحانات گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسرار، مقامی تاجر محمد اسلم بھلی،راناصفدر، مقامی صنعتکار چوہدری حبیب گجر،چوہدری طلعت،میاں عبدالرؤف ایڈوکیٹ،ریجنل مینجراحسان الہی،حافظ منیر،عرفان عظیم،محمد طاہر محمود اور اخوت کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ایس ایس پی پٹرولنگ مرزاانجم کمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلاحی اور مہذب معاشرے کا تقاضا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا ہاتھ تھاماجائے جس کے لئے سماجی تنظیم ”اخوت“نے اپنے منصوبوں سے معاشرے میں ایسا عظیم انقلاب برپا کیا ہے جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات واصولوں کے عین مطابق اخوت انتظامیہ کی عمدہ سوچ اور کامیاب فلاحی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث معاشی مسائل آڑے آتے ہیں جن کی فراہمی کے لئے اخوت نے قابل قدر بیڑااٹھایا ہے جس کے کامیاب نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے قرض حسنہ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ انتہائی نیک نیتی اور دیانتداری سے محنت کرکے اپنے روزگار میں اضافہ کریں اور ایمانداری سے قرض حسنہ واپس کریں تاکہ دیگر بھی اس مائیکرو فنانس سکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔انہوں نے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر خدمات انجام دینے والی اخوت کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔چوہدری حبیب گجر نے کہا کہ اخوت کے زیراہتمام وسائل سے محروم خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لئے چھوٹی سطح پر بلاسودقرضوں کی فراہمی بہت بڑا انقلاب آفرین پروگرام ہے جو شفافیت اورنیکی کے جذبے کے باعث کامیابی سے چل رہا ہے۔انہوں نے سماجی ومعاشی ترقی اور انسانیت کی بھلائی کے اس مشن سے وابستہ تمام فلاح کاروں کی نیک خدمات کوسراہا۔ریجنل مینجرنے اخوت کے زیر اہتمام ایجوکیشن پروگرام،تعلیم بالغان،زرعی قرضہ جات،ٹیوٹا اوردیگر فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اخوت کا یہ انقلابی فلاحی سفر جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ 2001ء میں 10 ہزار روپے سے اس ادارے کا آغاز ہوا اور اب تک 165 ارب روپے 52لاکھ خاندانوں میں تقسیم ہو چکے ہیں جس کی ریکوری سوفیصد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کاویژن ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے کہ تشکیل چاہتے ہیں جس میں ہر شخص کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق قرضہ جات کی فراہمی سے غربت میں کمی اور سود کے خلاف جہاد میں کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے قرض حسنہ لینے والوں کی کامیابی اور برکت کے لئے دعا کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme