عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری، وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

Published on March 19, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 73)      No Comments

اپوزیشن کو کسی سطح پر بھی عوام کا اعتماد حاصل نہیں، جتنی مرضی منڈیا ں لگا لیں، شکست پھر مخالفین کا مقدر ہے:عثمان بزدار
لاہور(یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لطاسب ستی،پیر مختار،محی الدین کھوسہ،سمیع اللہ چوہدری،سید رضا بخاری اور دیگر نے ملاقاتیں کیں۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔شکست خوردہ عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور اپوزیشن کو پہلے کی طرح اس بار بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور ملک میں انارکی اورانتشار پیدا کرنے والے شرمندہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اورمتحد رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی افراتفری پیدا کرکے عوام کے روشن مستقبل سے کھیل رہی ہے۔ ترقی کے سفر کو روکنا اپوزیشن کا اولین ایجنڈا ہے اور عوام کی حمایت سے ایسے منفی ایجنڈے کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے ذاتی ایجنڈے کوترجیح دینا خود غرضی کے مترادف ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو سر اٹھا کر جینا سکھا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جتنی مرضی منڈیاں لگا لے، شکست پھر مخالفین کا مقدر ہے۔اپوزیشن کو کسی سطح پر بھی عوام کا اعتماد حاصل نہیں۔ اپوزیشن کی ہر سازش کی طرح تحریک عدم اعتماد بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔ ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور حلقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف وہیپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے رہنما اویس دریشک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme