پنجاب میں 15 ہزار سے زائدسکولوں اور کالجوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے ڈاکٹر اختر ملک

Published on March 20, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 97)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پنجاب اجالا پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں اب تک 15 ہزار سے زائدسکولوں اور کالجوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ تمام اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں،دفاتر،جیلوں،پناہ گاہوں، دارالامانوں اور مزاروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے سیکڑوں منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے سابق صدر میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر قائداعظم تھرمل پاور کمپنی کے بورڈ ممبر میاں وسیم اختر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ان منصوبوں سے پنجاب حکومت کو سالانہ اربوں روپے کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی ہو گی۔انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں محکمہ توانائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صرف فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع میں سولر انرجی کے 3 ہزار 336کلوواٹ کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان پر 65 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور ان سے سالانہ دس کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق توانائی کے متبادل ذرائع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس سے ان کے موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے ایجنڈے کو تقویت مل رہی ہے۔ڈاکٹر اختر ملک نے مزید کہا کہ فیصل آباد اور گوجرانولہ میں صنعتوں کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے اور سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے کینال ٹاپ سولر ٹیکنالوجی کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔میاں کاشف اشفاق نے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور ڈاکٹر اختر ملک نے ایک گمنام محکمے کو گاؤں گاؤں تک روشناس کرادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یقیناً ان منصوبوں سے نچلی سطح پر معاشی، موسمیاتی اور سماجی حوالے سے مثبت تبدیلی آ رہی ہے اور بجلی سے محروم دور دراز کے دیہات بھی روشن ہو رہے ہیں۔

 

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy