اوکاڑہ یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد کی پر وقا رتقریب

Published on March 26, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 189)      No Comments

آج اس یونیورسٹی اور اوکاڑہ شہر کےلیے ایک تاریخی دن ہے: وائس چانسلر
اوکاڑہ( یو این پی) اوکاڑہ یونیورسٹی میں پہلے جلسہ تقسیم اسناد کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور ایم فل کے 1543طلباء کو اسناد اور تمغات سے نوازا گیا۔ اسناد کی تقسیم یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر اور مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی، نے دیگر مہمانان کے ساتھ مل کر کی۔ اسناد حاصل کرنے والوں میں فیکلٹی آف لائف سائنسز، فیکلٹی آف سائنسز، فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسز اور فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کے طلباء شامل تھے۔ کانووکیشن کا آغاز جلوس علمی سے ہوا جس کی قیادت یونیورسٹی کے کنٹرولر آف ایگزامینیشن، فیصل اعجاز، اور رجسٹرار، ڈاکٹر محمد طاہر خان نے کی۔ جلوس میں یونیورسٹی کے تمام اساتذہ اور انتظامی افسران شامل تھے۔ تقریب کے آغاز میں وائس چانسلر نے افتتاحی خطاب کیا جس میں انہوں نے اسناد حاصل کرنے والے طلباء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے جب یونیورسٹی کے پہلے فارغ التحصیل طلباء فخر اور کامیابی کے عظیم احساس کے ساتھ اسناد حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مشن اور بیانیے کی وضاحت کرتے ہوئے پروفیسر زکریا کا کہنا تھا کہ ہم نے آغاز سے ہی یونیورسٹی کا ایک منفرد سوشل ایجنڈا بنایا ہےجس کے مطابق یہ عام عوام اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کا ادارہ ہے۔ اس ادارے میں معاشرے کے ہر طبقے کے افراد کےلیے اعلی تعلیم کے مساوی مواقع موجود ہیں۔ ہم تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی اس انداز سے تربیت کر رہے ہیں کہ وہ معاشرے کےلیے ذمہ دار اور مفید شہری ثابت ہو سکیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام اور معذور طلباء کے حوالے سے یونیورسٹی کی مفت تعلیم کی پالیسی پہ بھی بات کی۔ پروفیسر محمد علی نے قلیل مدت اور مسائل کے باوجود یونیورسٹی کی مثالی تعمیر و ترقی کے حوالے سے پروفیسر زکریا کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محض ڈگری کی حصول کافی نہیں بلکہ انہیں اپنے اندر اخلاقی اقدار، حصول علم کی لگن اور ذمہ دارانہ رویے بھی پیدا کرنا ہوں گے۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے ممبر سنڈیکیٹ، مظہر ساہی ، نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور یونیورسٹی کو نئے دیے جانے والے خطاب’اوکاوئینز’ کی وضاحت کی۔جلسہ کے دیگر مقررین میں ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی اور رجسٹرار ڈاکٹر محمد طاہر خان شامل تھے۔کانووکیشن کے اختتام پہ یونیورسٹی کے شعبہ ایجوکیشن کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ، ڈاکٹر نسرین اختر، کو ہائیر ایجو کیشن کمیشن کے بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes