الیکٹرانک آلات کی وجہ سے خطوط نویسی کا احساسات سے بھر پور کلچر ہم سے چھین گیا ہے اِرم طارق

Published on April 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 100)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب اِرم طارق نے کہا ہے کہ الیکٹرانک آلات کی وجہ سے خطوط نویسی کا احساسات سے بھر پور کلچر ہم سے چھین گیا ہے جس سے لفظوں کی بھینی بھینی خوشبو اور اخلاص کی حلاوت ہماری تحریروں سے غائب ہوتی چلی جارہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے بینکنگ سکوائر میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ پوسٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ پر لکھی جانے والی معطر تحریریں دلوں پر نقش ہو جایا کرتی تھیں آج موبائل فون پر لکھے جانے والے الفاظ ابلاغ تو کرتے ہیں مگر ان کے انسانی احساسات پر اثرات بالکل مرتب نہیں ہوتے ۔ اِرم طارق نے کہا کہ لوگوں میں مکتوب نویسی کی ثقافت زندہ کرنے کے لئے مقابلہءخط نگاری کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم سی ہائی سکول پیپلز کالونی کی طالبہ آمنہ نے پہلی اسی سکول کی ماریہ نے دوسری جبکہ سپیریئر گروپ آف کالجز کے مرتضیٰ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ملک بھر کے 13 ہزار سے زائد ڈاکخانوں کے ذریعے چاروں صوبوں کے کونوں کونوں میں اپنی خدمات کا دائرہ پھیلائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی 2 کروڑ سے زائد گھروں اور کاروبار سے وابستہ افراد خط و کتابت کے ساتھ ساتھ کاروباری حوالے سے رقوم کی ترسیل کی سہولت انتہائی کم نرخوں پر پاکستان پوسٹ کے ذریعے حاصل کر رہے ہیں۔ اِرم طارق نے کہا کہ ہفتے میں سات دن بلا تعطیل پاکستان پوسٹ یونیورسل پوسٹل سروسز کے ذریعے بین الاقوامی پوسٹل یونین کے ضوابط پر عمل پیرا ہو کر محفوظ اور بر وقت ڈاک کی ترسیل کو یقینی بنا رہی ہے۔یونیورسٹی کے ٹریثرر ر عمر سعید قادری نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں یونیورسٹی طلبہ اور کیمپس کمیونٹی کو جدید ترین تمدنی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھر پور وسائل بروئے کار لا رہے ہیں جس کے تحت بینکنگ سکوائر کے ساتھ ساتھ سوِک سنٹر بھی زیر تکمیل ہے جس سے تمام سہولیات کیمپس پر مہیا ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں جدید سہولیات سے آراستہ پوسٹ آفس کے ذریعے کیمپس میں مقیم 30 ہزار سے زائد افراد اپنے پیاروں کے ساتھ روابط اور انہیں رقوم کی ترسیل کے حوالے سے مستفیض ہو سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پوسٹ ماضی کی تابندہ روایات کا امین رہا ہے۔ لہٰذا ہمیں اس کی تیز رفتار اور ارزاں خدمات پر بھروسہ کرنا ہوگا۔ پرنسپل آفیسر پی آر پی، ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ ماضی کی خوشبوﺅں سے معطر خط نویسی کے حسن کو زندہ رکھنے کے لئے جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں میں انشائیہ پردازی کے مقابلہ جات سالانہ بنیادوں پر منعقد کیے جانے چاہیئیں تا کہ لوگوں میں تخلیقی جہتیں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں تحریری حسن نکھارا جا سکے۔ اس موقع پر پرنسپل آفیسر انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ ، ڈاکٹر محمد ارشد چیف پوسٹ ماسٹر فیصل آباد شاہد اقبال و دیگر معززین بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes