کپاس کی بہتر پیداوار کے لئے سفارشات جاری

Published on April 7, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 213)      No Comments

اوکاڑہ (شیخ ندیم شیراز) محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی بہتر پیداوار کے لئے سفارشات جاری کردیں،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔زمین کی تیاری اس طرح کی جائے کہ کھیت ہموار،زمین نرم اور بھربھری ہو۔امسال کپاس کے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام بی ایس15-،سی آئی ایم 663-،سی کے سی1-،آئی یوبی2013-،ایم این ایچ1020-،نیاب545-،نیاب878- اور نیاب کرن پر کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔اس ضمن میں بُروالے اوربغیر بُر والے بیج کے تھیلے پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی فراہمی جاری ہے۔یہ سبسڈی تھیلوں میں موجود واؤچر کے ذریعے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔اس ضمن میں کاشتکار اسکریچ کارڈ نمبرلکھنے کے بعد اسپیس دے کر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے8070 پر ایس ایم ایس کریں گے۔واؤچر اسکریچ کرنے والے ہر کاشتکار کو سبسڈی دی جائے گی۔ رجسٹرڈ کاشتکاررجسٹرڈ ڈیلرز سے کسان کارڈ کے ذریعے بھی سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔۔کاشتکار کپاس کی دوسری منظور شدہ بی ٹی اقسام کا انتخاب اپنے علاقے،زمین کی قسم،پانی کی دستیابی اور محکمہ زراعت(توسیع) کے مقامی عملے کے مشورہ سے کریں۔بی ٹی اقسام کے ساتھ 10 فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہو سکے۔اگر بیج کا اُگاؤ 75 فیصد یا زیادہ ہو تو کاشت کیلئے بُر اترا ہوا 6کلو گرام جبکہ بُردار بیج8 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔کاشتکار بوائی سے قبل بیج کو مناسب کیڑے مار دوائی لگا لیں تاکہ فصل ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں بالخصوص سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رہے۔بیج کو بیماریوں سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت(توسیع) کے عملہ کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کُش زہر بھی لگا لیں۔کپاس کی کاشت ترجیحاً پٹریوں پر کریں جس کیلئے مشینی طریقہ استعمال کریں یا ہاتھ سے چوپا لگائیں۔اگر کپاس کی کاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب پودوں کا قد ایک سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا دیں،پٹریوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی اور بارشوں سے ہونے والے نقصان سے بھی بچت ہوتی ہے۔ڈرل سے کاشتہ فصل کیلئے پہلی آبپاشی بوائی کے 30تا 35دن بعد اور بقیہ 12سے15 دن کے وقفے سے کریں۔پڑیوں پر کاشتہ فصل کیلئے بوائی کے بعد پہلا پانی 3 تا4 دن،دوسرا، تیسرا اور چوتھا پانی6 تا7 دن کے وقفے سے جبکہ بقیہ پانی 12 دن کے وقفے سے حسبِ ضرورت لگائیں۔کاشتکار پودوں کی تعداد پوری کرنے کیلئے چھدرائی کے عمل سے زائد پودے نکال دیں۔چھدرائی کا عمل بوائی کے 20 تا 25دن کے اندریا پہلے پانی سے پہلے یا خشک گوڈی کے بعد ہر حالت میں ایک ہی دفعہ میں مکمل کریں۔یکم تا20 اپریل تک کاشتہ فصل کیلئے 15 ہزار سے17ہزار5سو جبکہ21اپریل تا 10 مئی تک کاشتہ فصل کیلئے 17ہزار5سو سے 20ہزار تک رکھیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes