ٹھٹھہ ،حضرت علیؓ کے یوم شہادت 21 رمضان کے انتظامات کے متعلق ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس

Published on April 19, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 139)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چند) ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ غضنفر علی قادری نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ حضرت علی ؓ کے یوم شہادت پر 21 رمضان المبارک کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان، بجلی، گیس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی و ڈرینیج سمیت مجالس اور ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں کی صفائی ستھرائي و دیگر تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام اور قائدین پر زور دیا کہ وہ یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ میں رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکل صورتحال سے بچا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مکلی میں حضرت علی ؓ کے یوم شہادت پر 21 رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ڈی ایس پی جمعہ خان پنہور، رینجرز انسپکٹر محمد پرویز، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حنیف میمن، ڈی آئی بی انچارج اے ڈی شیخ، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن، ٹی ایم اوز سمیت ضلعی صدر عذاداری کونسل جاوید شاہ، شیعہ سماجی کارکن ڈاکٹر عبدالحسین شاہ و دیگر مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 21 رمضال المبارک سے قبل تمام مجالس و جلوسوں کی گذرگاہوں سے صفائی ستھرائی، نکاسی آب، لوڈشیڈنگ کے شیڈول میں تبدیلی، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ڈرینیج، کھلے میں ہولز کو ڈھکن لگانے، ڈسپوزل سسٹم اور جنریٹرز کی موجودگی سمیت تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ حضرت علی ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر مجالس و جلوسوں پر میڈیکل کیمپس قائم کرکے ایمبولینسز، ڈاکٹرز، عملہ اور متعلقہ ادویات کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹھٹہ جمعہ خان پنھور نے بتایا کہ ضلع ٹھٹہ میں ٹوٹل 32 امام بارگاہ موجود ہیں جن میں سے 2 انتہائی حساس اور 2 حساس جبکہ 28 نارمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں 30 موبائلز، 20 موٹر سائکلوں سمیت 566 پولیس جوان اور افسران تعینات کئے جائیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس موقع پر رینجرز انسپیکٹر محمد پرویز نے بتایا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے 2 موبائل اور دو موٹرسائکلوں سمیت 25 رینجرز کے جوان و افسران اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس موقع پر علماء کرام کی جانب سے مختلف تجاویز اور مسائل پیش کئے گئے جن کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دہانی کرائی جبکہ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes