پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،پبلک ٹرانسپورٹرز نے 35 فیصد تک کرایہ بڑھا دیا

Published on June 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 182)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ،پبلک ٹرانسپورٹرز نے 35 فیصد تک کرایہ بڑھا دیا گیا ہے۔مڈیا رپورٹس کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹرز نے 400 سے 500 روپے تک کرایہ بڑھادیا ہے۔لاہورسے کراچی کا کرایہ 4300 سے بڑھا کر 4800 روپے کر دیا گیا جبکہ راولپنڈی کا کرایہ 2000 سے 2250 روپے کر دیا گیاہے۔فیصل آباد کا کرایہ 1050 سے بڑھا کر 1250 کر دیا گیا جبکہ سرگودھا کا کرایہ 950 سے بڑھا کر 1100 روپے اضافہ ہوا ہے۔پشاور کا کرایہ 2300 سے بڑھا کر 2500 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ مری کا کرایہ 2300 سے بڑھا کر 2450 روپے کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں کھڑی کردیں‘ گڈز ٹرانسپورٹرز کہتے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں کاروبار بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، حکومت ہماری گاڑیاں خرید کر خود چلا لے، ہم نہیں چلا سکتے۔ رپورٹس کے مطابق کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کردیا، گڈز ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پراحتجاج کرتے ہوئے پورٹ پر گاڑیاں کھڑی کرکے مال اٹھانا بند کر دیا۔ اس حوالے سے صدر کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن رانا اسلم نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور مہنگائی ناقابل برداشت ہے، جس کی وجہ سے احتجاجاً پورٹ پر گاڑیاں کھڑی کرکے مال اٹھانا بند کر دیا ہے، اس معاملے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا اجلاس بلایا ہے، اجلاس میں ہڑتال سمیت سخت ترین فیصلے کیے جائیں گے اور کرائے میں مزید اضافے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔خیال رہے کہ حکومت نے عوام پر چند ہی دنوں میں تیسرا پٹرول بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 59 روپے تک اضافے کا اعلان کر دیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ پٹرول 24 روپے اور ڈیزل 59 روپے مہنگا ہو جائے گا، جس کے بعد پٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 233 روپے 89 پیسے ہو گی جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 263 روپے 61 پیسے مقرر کر دی گئی۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے 15 دنوں کے دوران پٹرول کی قیمت میں 84 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 115 روپے مہنگا کیا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题