اوکاڑہ( یو این پی/شیخ ندیم شیراز )موٹروے پولیس سینٹر زون نے عیدالاضحی کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان کی طرف سے مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنے اور سواریوں کی اوورلوڈنگ کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا۔ ریجنل کمانڈر سینٹرل ریجن محبوب اسلم کے احکامات اور سینٹرل کمانڈر سینٹر ون شہباز عالم کی ہدایات پر عید کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے اور اوورلوڈنگ میں ملوث پائی جانے والی تمام پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ تمام ڈی ایس پی صاحبان اس خصوصی مہم کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ مسافروں کو اپنے پیاروں کے پاس پہنچنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران ہائی ویز پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے لہذا ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے گۓ ہیں۔ ٹال پلازہ جات پر ٹریفک کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ آۓ اس کے لئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں اور خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے گۓ ہیں۔ ایسے خاص موقعوں پر جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہوجاتے ہیں تو ان کی سرکوبی کے لیے مقامی پولیس کے ساتھ رابطہ میں رہ کر جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ شہداء کسی بھی فورس کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں۔موٹروے پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا شہداء کی فیملی کا خیال رکھنا موٹروے پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ موٹروے پولیس کے شہداء کی فیملیز کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بہترین تعلیمی اداروں سے ایم او یو سائن کئے گۓ ہیں۔ عید کے موقع پر انتظامیہ کی طرف سے نیشنل ہائی وے پر لگائی گئی مویشی منڈیوں میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے شدید گرمی ، حبس اور بارش میں جس طرح اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دیئے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی کو متاثر نہیں ہونے دیا قابل تحسین ہے۔ مویشی منڈیوں میں لائے گئے جانوروں کی اوورلوڈنگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے اور ان کو جرمانے کیے جا رہے ہیں ۔سیکٹر کمانڈر نے عید کے پر مسرت موقع پر افسران کو بچوں اور مسافروں میں پھول اور تحائف تقسیم کرنے کے لیۓ خصوصی ہدایات جاری کیں۔