اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں سہیل اشرف

Published on July 24, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 80)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف نے تارکین وطن کے مختلف ضلعی محکموں وپولیس سے متعلقہ مسائل وشکایات سنیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوعابد حسین کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران،درخواست گزار اوورسیز پاکستانی اور ان کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تارکین وطن کاموقف سنتے ہوئے کہا کہ ضلع کے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا شدید احساس کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل میں تاخیرنہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیشرفت سے مطمئن ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستانی شہری محنت سے وطن کی خدمت کر رہے ہیں جن کی جائیدادوں وخاندانوں کو تحفظ ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے موصول ہونے والی شکایات پر محکمانہ کارروائی کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کے محکموں سے متعلقہ اوور سیز کی شکایات ومسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر محکمانہ کارروائی اور رپورٹس حاصل کرکے صوبائی کمیشن کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیوریکارڈکے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔سی پی اوکے نمائندہ آفیسرنے بتایا کہ پولیس سے متعلقہ درخواستوں کو تیز رفتاری سے حل اور تمام کیسز کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو اوورسیز کی جائیدادوں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے اور ایسے عناصر سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔اجلاس کے دوران اوورسیز کی پولیس،ریونیو،ایف ڈی اے،سوئی گیس اور دیگر محکموں سے متعلقہ 21درخواستوں میں سے موقع پرمتعدد کو نمٹا دیا گیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme