صوبائی سیکرٹری صحت سندھ کی زیر صدارت ضلع ٹھٹھہ میں صحت کی سہولیات اور دیگر درپیش مسائل کے متعلق اجلاس

Published on August 24, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 114)      No Comments

ٹھٹھہ(رپورٹ حمید چنڈ) صوبائی سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر ذوالفقار شاہ کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس مکلی میں ضلع ٹھٹھہ میں صحت کی سہولیات و دیگر درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر محمد جمن بھاؤٹو، ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد حنیف میمن، سول سرجن سول ہسپتال مکلی ڈاکٹر محمد حسن گندرو، مرف کے ریجنل مینیجر آدم ملک اور ضلع کے تمام مراکز صحت کے ایم ایسز اور محمکہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع صوبائی سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر ذوالفقار شاہ نے محکمہ صحت ضلع ٹھٹھہ کے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سول اسپتال سمیت ضلع بھر کے بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ایمبولینسز، سانپ کے کاٹنے کی ویکسین و دیگر مطلوبہ ادویات، صفائی ستھرائی سمیت تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام باالخصوص بارش متاثرہ لوگوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عوام کا بنیادی حق اور زندگی کا اہم جز ہے، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی بلکل برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں غفلت اور کوتاہی کے مرتکب متعدد ڈاکٹرز اور عملے کو نوکری سے فارغ کیا گیا ہے۔ صوبائی سیکریٹری صحت نے کہا کہ صحت مراکز میں مطلوبہ ادویات سمیت غیر حاضر اور گھوسٹ ڈاکٹرز و عملہ کی فہرست فوری طور پر ارسال کریں تاکہ مطلوبہ ادویات کی فراہمی سمیت غیر حاضر اور گھوسٹ ڈاکٹرز و عملہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث ملیریا اور ڈائریا کے کیسز میں اضافہ کے مد نظر باالخصوص رلیف کیمپس و دیگر دیہاتی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل کیمپس قائم کرکے بارش متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے ضلع بھر میں صحت کی سہولیات کے فقدان اور درپیش مسائل کے متعلق سیکریٹری صحت کو مجموعی طور پر تفصیلی آگہی دی جبکہ محکمہ صحت کے تمام متعلقہ افسران نے بھی اپنے اپنے متعلقہ صحت مراکز میں درپیش مسائل و دیگر امور پر بریفنگ دی، جس پر صوبائی سیکریٹری صحت نے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ قبل ازیں صوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹر ذوالفقار شاہ اور ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے تمام متعلقہ افسران کے ہمراہ ڈگری کالیج مکلی اور سیمینٹ فیکٹری کے قریب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بارش متاثرین کیلئے قائم کردہ خیمہ بستیوں کا دورہ کرکے صحت کی سہولیات اور جاری امدادی کام کا معائنہ کیا- بعد ازیں انہوں نے محتلف اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کا بھی دورہ کرکے صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme