بجلی بلوں میں شامل فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم واپس لینے کا مبہم حکومتی اعلان لیسکو ملازمین کے درد سر

Published on August 25, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 155)      No Comments

وزیر اعظم کے اعلان کردہ ریلیف سے متعلق تاحال کوئی سرکلر یا نوٹیفیکیشن لیسکو حکام کو موصول ہی نہیں ہوا
حبیب آباد (رشید احمد نعیم)وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے بجلی بلوں میں شامل فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم واپس لینے اور بل درست کروا کر جمع کرانے کے اعلان کے بعد پھول نگر لیسکو دفاتر میں صارفین بجلی کا تانتا بندھ گیا اور لوگ بلوں کی درستگی کے لئے لیسکو دفاتر پہنچ گئے۔لیسکو ملازمین لوگوں کے رش اور غصے سے بچنے کے لئے اپنے دفاتر چھوڑ کر گرڈ اسٹیشن اور دوسری خفیہ جگہوں پر بیٹھ کر کار سرکار انجام دیتے رہے۔ جبکہ ریونیو دفاتر کا عملہ لوگوں کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم بل سے منہا کر کے عارضی بل جاری کرتا رہا۔اس حوالے سے پالیسی اور نوٹیفکیشن کے مندرجات سے لا علم لیسکو افسران و ملازمین عوامی غیض و غضب سے بچنے کے لئے کہیں 200 یونٹس تک اور کہیں 200 یونٹس سے زائد کے بجلی بلوں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم منہا کرتے رہے اور مہنگائی کے مارے غریب لوگ اسے کافی مدد سمجھ کر خوشی خوشی قبول کرتے رہے۔ لیسکو کے ایک مقامی افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ ریلیف سے متعلق تاحال کوئی سرکلر یا نوٹیفیکیشن انھیں موصول ہی نہیں ہوا تاہم انھوں نے صرف لوگوں کے غصے سے بچنے اور دفاتر کو کسی بھی قسم کی شر انگیزی سے بچانے کے لئے عارضی طور پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم بلوں سے کاٹ دی ہے۔ اعلان کے مطابق اصولی طور پر تو یہ معاملہ پہلے وفاقی کابینہ میں زیر بحث آے گا اور پھر جو پالیسی بنائی جاے گی اس کے حساب سے ہی بلوں سے یہ رقم کٹوتی کی جاے گی بصورت دیگر آئندہ آنے والے بلوں میں پھر سے یہ رقم شامل ہو جاے گی۔ حکومت کو چائیے کہ اس حوالے سے واضح کر دے کہ یہ سہولت کتنے یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کے لئے ہے یا پھر سب صارفین اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے ملک کے طول و عرض میں بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے باعث حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں جن کے باعث وفاقی حکومت نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی رقم واپس لینے کا اعلان کیا ہے لیسکو حکام نے مزید بتایا کہ بجلی بلوں سے صارفین بڑے پریشان ہیں لوگوں کی بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر دفاتر میں آمد سے روز مرہ امور کا انجام دینا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy