اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف پروگرام نشر کرنے پر ایک نجی ٹی وی چینل کے خلاف درخواست پیمرا کو بھجوا دی

Published on May 17, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 571)      No Comments

4
اسلام آباد ۔۔۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف پروگرام نشر کرنے پر ایک نجی ٹی وی چینل کے خلاف درخواست پیمرا کو بھجواتے ہوئے اس پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ درخواست گزار چوہدری محمد اکرم ایڈووکیٹ نے وزارت اطلاعات و نشریات ٗ وزارت قانون ٗ چیئرمین پیمرا ٗ نجی ٹی وی چینل اور پروگرام کے اینکر کو فریق بناتے ہوئے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ 6 مئی 2014ء کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سابق چیف جسٹس ٗ سپریم کورٹ آف پاکستان کی تضحیک کی جس کا مقصد انہیں بدنام کرنا تھا۔ 40 سے 50 دورانئے کے اس پروگرام میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو لوگوں کی نظروں میں گرانے کی کوشش کی گئی۔ اس پروگرام میں سابق چیف جسٹس کے بھانجے کے طور پر ایک مصنوعی کردار کو بھی بٹھایا گیا تھا اور اس کا مقصد نہ صرف سابق چیف جسٹس کو بطور جج بے ایمان اور کرپٹ قرار دینا تھا بلکہ پورے عدلیہ کے نظام کو تباہ و برباد کرنا بھی مقصود تھا۔ مگر ابھی تک اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ بطور سابق نائب صدر اسلام آباد بار درخواست گزار پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر ایسے فعل کو روکے جو آزاد و خود مختار عدلیہ کے وجود کے لئے خطرناک ہو۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نجی ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ اور پروگرام کے میزبان کے خلاف قانون کے مطابق سول و فوجداری کارروائی کی جائے۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی کہ ٹی وی چینلز کو اعلیٰ عدلیہ کے کسی بھی جج کی توہین یا تضحیک کا موجب بننے والے پروگرام نشر کرنے سے روکا جائے۔ جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ابتدائی سماعت کے بعد مذکورہ حکم جاری کرتے ہوئے درخواست پیمرا کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes