عید الاضحی اور سیلاب میں بہتر کارکردگی پر وزیر بلدیات کی واسا‘ میونسپل افسران میں توصیفی اسناد تقسیم

Published on September 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 58)      No Comments

ڈیرہ اسماعیل خان ( یواین پی)وزیر بلدیات و سیکرٹری بلدیات نے سیلاب اور عیدالاضحی میں حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے واسا‘میونسپل افسران میں توصیفی اسناد تقسیم کئے ۔خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور اور سیکرٹری بلدیات سید ظہیر الاسلام شاہ نے جمعرات کو لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران حالیہ طوفانی بارشوں اور گزشتہ عیدالاضحی کے دوران شہری علاقوں سے سیلابی پانی کے نکاس اور صحت و صفائی کے بہترین انتظامات پر ڈبلیو ایس ایس سی ڈیرہ کے چیئرمین شاہجہان خان کو بھی توصیفی اسناد سے نوازا اور ساتھ ہی سینئر بلدیہ افسران و اہلکاروں میں توصیفی اسناد تقسیم کئے۔ ان میں مختلف شہروں کے ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز، ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، ویلج و نیبرہوڈ کونسلز کے سربراہان شاملِ ہیں جو ماتحت عملے کے ساتھ دن رات فیلڈ فارمیشنوں میں مصروف عمل اور شہریوں کی خدمت کرتے رہے ہیں۔ تقریب میں مختلف اضلاع کے انتظامی افسران، تحصیل مئیر بابوزئی سوات شاہد علی، بعض ارکان صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹر جنرل بلدیات، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سردار فیصل امین گنڈاپور نے حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میونسپل عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب میں ہر جگہ ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ متاثرین کی مدد کرنے پر بلدیہ افسران نے اس کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے جبکہ انکی شبانہ روز محنت کی بدولت عیدالاضحی اور سیلاب کے باوجود شہری علاقوں میں نکاس کی کم سے کم شکایات سامنے آئی ہیں جس کا اعتراف اور تعریف وزیراعلی محمود خان اور ارکان اسمبلی کے علاہ قومی اور عالمی سطح پر بھی ہواا ہے اور یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں سیکرٹری بلدیات سید ظہیر الاسلام شاہ کے جاندار کردار کو بھی سراہتے ہوئے سیلاب جیسی تباہ کن قدرتی آفت کے دوران محکمہ بلدیات کو صوبے بھر میں فعال بنانے پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ سردار فیصل امین گنڈاپور اور سید ظہیر الاسلام کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ افسران اور اہلکاروں نے نہ صرف عیدالاضحی کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے اور صحت و صفائی یقینی بنا کر کمال کی حسن کارکردگی دکھائی ہے بلکہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں میں ضم اضلاع سمیت صوبے بھر بالخصوص تین بڑے ڈویژنوں میں انفراسٹرکچر اور جانی و مالی نقصانات کم سے کم سطح پر لاکر حکومت اور قوم دونوں کے حوصلے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس کارکردگی کو قومی و عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلدیہ اہلکار آئندہ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کمربستہ رہیں گے اور متاثرہ علاقوں میں نکاس، وبائی امراض کی روک تھام، سپرے، ہیلتھ کیمپوں اور دیگر امدادی کارروائیوں میں متعلقہ انتظامیہ کا ہراول دستے ثابت ہوں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بلدیہ افسران موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بھرپور تیاری کریں اور صوبائی حکومت کا مظبوط سہارا بنیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور محکمہ خزانہ نے ہنگامی فنڈز جاری کئے ہیں جس میں بلدیہ اہلکاروں کا کردار بھی ناگزیر اہمیت کا حامل ہے۔

 

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes