جدیدزرعی تحقیقات کو کاشتکاروں تک پہنچانے کےلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے آؤٹ ریچ پروگرام میں وسعت لائی جائے حسین جہانیاں گردیزی

Published on October 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 45)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ہمارے ملک کی قریباً چالیس فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک جامع پالیسی کے تحت جدید زرعی تحقیقات کو کاشتکاروں تک پہنچایا جائے۔اس ضمن میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے آؤٹ ریچ پروگرام کو وسعت دینا ہوگی ان خیالا ت کا اظہار صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر کیا۔وزیر زراعت نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی جدید زرعی تحقیقات کومحکمہ کو بھجوائیں تاکہ ان سفارشات کی بنیاد پر ایک نئی اور جامع زرعی پالیسی کی تشکیل دی جائے تاکہ زراعت کو درپیش مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل تلاش کرتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ دیہی ترقی اور غربت کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔۔انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کو ہدایت کی کہ زرعی سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ زراعت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزماہونے کیلئے اقدامات کیے جاسکیں۔ وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کا شمار زرعی ممالک میں ہوتا ہے مگر پھر بھی ہماری فی ایکڑ پیداوار ترقی یافتہ ممالک کی نسبت کافی کم ہے۔ زراعت میں بیج،روائتی طریقہ کاشت، زمینی زرخیزی، آبپاشی جیسے جملہ مسائل عذائی عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔۔ اگر سیڈ ایکٹ 2015 کو اس کی روح کے مطابق رائج کیا جائے تو ناقص بیج جیسی پچیدگیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبادی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ شہروں کا بے ہنگم پھیلاؤزرعی رقبے کو کھا رہا ہے جس کیلئے ہمیں شہروں میں عمودی پھیلاؤکی بجائے افقی پھیلاؤ جیسے اقدامات کرنے ہونگے۔ پاکستان ہر سال چار ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے جو ایک زرعی ملک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے زراعت کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کیلئے زرعی سائنسدانوں کو قابل عمل اورمربوط حکمت عملی تیار کرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر ہائی ویلیو زراعت اور جدید آبپاشی کے نظام کو پروان چڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم کم پانی کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔اجلاس میں وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان،استاتذہ اور زرعی سائنسدانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy