تخت لاہور نے سرائیکی خطے کے فنڈز کو اپرپنجاب پر خرچ کر کے سرائیکی قوم کے ساتھ ناانصافی کی جاتی ہے ساجدہ احمدخان لنگاہ

Published on May 18, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 828)      No Comments

unnamed
رحیم یارخان(یواین پی)نیشنل سرائیکی پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ ساجدہ احمدخان لنگاہ نے کہا ہے کہ سرائیکی صوبے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ،تخت لاہور نے سرائیکی خطے کے فنڈز کو اپرپنجاب پر خرچ کر کے سرائیکی قوم کے ساتھ ناانصافیوں کا جو سلسلہ جاری کر رکھا ہے وہ قابل مذمت ہے ، سرائیکی صوبہ سرائیکی عوام کی پہچان ہو گا اور اس کے قیام کی خاطر سر تن کی بازی لگا دی جائے گی ، حکومت وقت نے اقتدار کے حصول سے قبل ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنے کا وقت آگیا ہے ، عوام سرائیکی صوبے کے قیام کی خاطر نیشنل سرائیکی پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور سرائیکی صوبہ اٹل حقیقت ہے جسے فراموش کرنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ، سرائیکی صوبہ کے قیام کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور مایوسی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور سرائیکی عوام کے حقوق غصب کر کے تمام تر وسائل اپر پنجاب پر خرچ کر رہا ہے ،سرائیکی خطے کے فنڈز کو میٹروبس منصوبے اور دیگر اللے تللوں پر خرچ کر کے اس خطے میں بسنے والے عوام کو دانستہ طور پران کے بنیادی حقوق سے محروم کیاجارہاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنے کا وقت آن پہنچا ہے اور اگر سرائیکی صوبے کے قیام میں مزید تاخیر کی گئی تو سرائیکی عوام اپنے صوبے سمیت دیگر حقوق کے حصول کی خاطر نیشنل سرائیکی پارٹی کے پلیٹ فارم سے بھر پور احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت عوامی خواہشوں کا احترام کرتے ہوئے سرائیکی صوبے سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کا قیام عمل میں نہیں لائے گی تب تک مسائل میں اضافہ ہوتا رہے گا اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم بھی ممکن نہیں ہو سکے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل سرائیکی پارٹی سرائیکی صوبے کے قیام اور اس خطے میں بسنے والے سرائیکی عوام کے حقوق کے حصول کی خاطر ،ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل سرائیکی پارٹی عوام کو سڑکوں پر نہیں لا رہی تاہم حکومت وقت سرائیکی عوام کے صبر کو ان کی کمزوری نہ سمجھے اور سرائیکی صوبے کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر انتظامات کو حتمی شکل دے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا شوشہ چھوڑ کر سرائیکی صوبے کے قیام کے نعرے اور تحریک کو نہیں دبایا جا سکتا،سرائیکی صوبے کے قیام تک نیشنل سرائیکی پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور سرائیکی صوبے کے قیام کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ،سرائیکی خطے میں بسنے والے عوام نیشنل سرائیکی پارٹی کا بھر پور ساتھ دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرائیکی ، پنجابی قوم میں کوئی اختلاف نہیں ہے بلکہ پنجابی اور سرائیکی قومیں ماضی سے ہی ایک دوسرے کے دکھ درد میں شانہ بشانہ کھڑے ہوتے آرہے ہیں اور سرائیکی و پنجابی قوموں کے درمیان اتفاق و اتحاد کا یہ سلسلہ اب بھی جاری و ساری ہے لیکن چند مفاد پرست عناصر اپنے مذموم عزائم کے حصول اورجاگیردارانہ نظام اور وڈیرہ شاہی کو قائم و دائم رکھنے کے لئے سرائیکی و پنجابی قوموں اور عوام کے درمیان لسانی تعصب کو ہوا دے کرنفرت کے بیج بونے میں مصروف ہیں تاکہ ان کی وڈیرہ شاہی قائم رہے اور ہم لوگ آپس میں لڑتے جھگڑتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی قومی کمیشن کا لولی پاپ اور کبھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا شوشہ چھوڑ کر سرائیکی عوام کو گمراہ کرنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں خطے کی عوام حکومت کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题