ضمنی الیکشن کیلئے خصوصی کارڈزجاری، ووٹرزکیلئے اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی

Published on October 15, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 108)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108فیصل آبادمیں اتوار16 اکتوبر کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن کی کوریج اور انتخابی عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کیلئے میڈیا پرسنز سمیت مبصرین کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خصوصی کارڈز جاری کئے گئے ہیں جن کے بغیر کسی غیر متعلقہ شخص کوپولنگ سٹیشنز کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد کے ریٹرننگ آفیسر حلقہ این اے 108فیصل آباد و ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر II عرفان کوثر نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے آزادانہ، منصفانہ، شفاف و غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ میڈیا کے نمائندگان کیلئے بھی ایس او پیز مرتب کئے گئے ہیں اور میڈیا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز کی پابندی کریں۔انہوں نے کہا کہ ووٹرز کیلئے بھی اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگاجس کے بغیر وہ ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔یادرہے کہ مذکورہ حلقہ این اے 108فیصل آباد میں ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کے عمران احمد خان نیازی (بلا)، مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی (شیر)، آزاد امیدوار فرخ حبیب (سکوٹر)، ارسلان ارشد آزاد امید وار(لاؤڈ سپیکر)، پاکستان نظر یاتی پارٹی کے امید وار خرم شہزاد(ریلوے انجن)، آزاد امید وار رضوان محمود(ٹریفک سگنل)، مو و آن پاکستان پارٹی کے امید وار سہیل کاشف (شتر مرغ)، آزاد امید وار شہباز علی گلزار(مٹکا)، آزاد امید وار عبدالحفیظ(بیل)،آزاد امیدوار لیاقت علی(کرکٹ وکٹ)، تحریک لبیک پاکستان کے امید وار محمد صدیق(کرین) اور آزاد امید وار ملک محمد علی طاہر(ایکسکیویٹر)سمیت12 امیدوار مدمقابل ہیں۔مذکورہ حلقہ میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 16 اکتوبربروز اتوارکو صبح 8 سے بغیر کسی وقفہ کے شا م 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ مذکورہ حلقہ کے ضمنی انتخاب میں کل 5لاکھ 5ہزار 186ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے 354پولنگ سٹیشنز اور1084پولنگ بوتھس قائم کئے جائیں گے۔اس حلقہ میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں 271039مرد اور 234147خواتین ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گی۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق پولنگ کیلئے 167مردانہ،162زنانہ،25مشترکہ سمیت کل 354پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کہ ان پولنگ سٹیشنز میں مردوں کیلئے 558اور خواتین کیلئے 526سمیت کل 1084پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے تاکہ ووٹرز پر سکون ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ مذکورہ حلقہ میں پولنگ کے خوشگوار ماحول میں انعقاد کیلئے 372 پریذائیڈنگ آفیسر ز، 1138 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر ز، 1138 پولنگ آفیسر ز اور 372 نائب قاصد اپنے فرائض سر انجام دیں گے جن میں 5 فیصد ریزرو سٹاف بھی شامل ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes