اوکاڑہ یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی میں معاہدہ

Published on October 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 69)      No Comments

معاہدے کی رو سے بائیو ڈائیورسٹی اور فشریز کے شعبوں میں اشتراک کیا جائے گا
اوکاڑہ(یواین پی /شیخ ندیم شیراز ) یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کی رو سے تعلیم اور تحقیق کے مختلف شعبہ جات جیسا کہ بائیو ڈائیورسٹی، فشریز، بائیو انفارمیٹکس، فزکس اور سائنسز کے دیگر علوم میں باہمی اشتراک کیا جائے گا۔ مفاہمت کی اس یاداشت پہ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور قائد اعظم یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات بین الاقوامی کانفرنسز اور سیمینارز منعقد کروائیں گی۔ اس کے علاوہ مشترکہ تحقیقی پراجیکٹ چلائے جائیں گے اور اساتذہ اور طلباء کے تبادلہ بھی اس معاہدے کا حصہ ہے۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے دورے کے دوران پروفیسر واجد نے وہاں کے کنڑولر امتحانات سید عقیل گیلانی سے بھی ملاقات کی۔ کنڑولر نے وی سی کو اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کےلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پروفیسر واجد اور پروفیسر محمد علی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے ریسرچ ڈیٹا بیس کو اوکاڑہ یونیورسٹی کے ساتھ منسلک کرنے پہ بھی بات چیت کی۔ پروفیسر محمد علی نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے اپنے ڈیٹا بیس کی تیاری میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پروفیسر واجد کے مطابق اس ڈیٹا بیس میں تمام اساتذہ اور طلباء کے مقالہ جات اور دنیا بھر کے جرائد دستیاب ہوں گے۔
پروفیسر واجد نے قائد اعظم یونیورسٹی کے نیشنل سنٹر فار فزکس کے ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر اسحاق احمد سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پہ بات چیت کی۔ دونوں سربراہان نے ایک دوسرے کے اداروں کے باہمی دوروں پہ بھی اتفاق کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题