فیصل آباد، 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے9نئے مریض رپورٹ

Published on October 26, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 68)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد میں 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے9نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے7 مریضوں کو الائیڈ ہسپتال اور2 مریضوں کو ڈی ایچ کیو میں داخل کرکے انہیں علاج معالجہ کی تمام ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مذکورہ9 نئے مریضوں کے بعد رواں سال ابتک ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 141 ہوگئی ہے کوآرڈینیٹر برائے انسداد و کنٹرول وبائی امراض محکمہ صحت فیصل آباد ڈاکٹر ذوالقرنین شبیر نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ضلع بھر میں ڈینگی سے تاحال کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور ڈینگی کا شکار مریض بھی بتدریج رو بصحت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلع کے ہسپتالوں میں کل 70 بستر مخصوص کئے گئے تاہم یہ تعداد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبر د آزما ہونے کے لئے بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔کو آر ڈینیٹرنے مزید بتایا کہ محکمہ صحت ڈینگی کے حوالے سے ہر طرح سے چوکس اور تیار ہے اور ان کے پاس ادویات و مچھر مار سپرے کافی مقدار میں موجود ہیں۔ ڈاکٹرذوالقرنین نے عوام سے اپیل کی کہ سب لوگ مچھر مار ادویات و مچھر دانی استعمال اور پوری آستین کے کپڑے پہنیں، اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور اپنے اردگرد پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی سے بچاجاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اینٹی ڈینگی سکواڈ روزانہ کی بنیاد پر ٹائر شاپس اور دیگر اہم مقامات کی مسلسل سرویلنس کر رہا ہے تاکہ ڈینگی لاروا ملتے ہی فوری اس کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی جگہ ڈینگی لارواکی موجودگی کا کوئی شائبہ ہو تو وہ فوری طور پر اس کی اطلاع محکمہ صحت کو فراہم کریں تاکہ بروقت تدارکی، حفاظتی و احتیاطی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes