اکتیس دسمبر کو ہونے والے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی

Published on December 27, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 76)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)لیکشن کمیشن آف پاکستان نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے31 دسمبر کو ہونے والے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون اور سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف، پی ٹی آئی کی طرف سے بابر اعوان اور علی نواز اعوان، جماعتِ اسلامی کی جانب سے میاں اسلم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے عدالت کو بتایا کہ یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ اسلام آباد کی آبادی میں اضافے کی وجہ سے ضروری ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری کی رپورٹ آئی ہے؟اشتر اوصاف نے جواب دیا کہ ادارۂ شماریات نے اسلام آباد کی آبادی میں اضافے کا بتایا ہے، الیکشن کمیشن کو آبادی میں اضافے کا معاملہ دیکھنا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی آبادی میں اضافے کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے، ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کا مؤقف سننے کا کہا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes