وزیر اعظم نواز شریف ، نریندرمودی کی حلف برداری کی تقریب میں ضرور شرکت کریں ،صدرآزادکشمیر

Published on May 25, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 288)      No Comments

4راولپنڈی۔۔۔صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نو منتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں ضرور شرکت کریں اس سے برف پگھلے گی اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کودورہ بھارت سے قبل تمام سٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو راولپنڈی میں سینئر صحافی عامر حسین سے ان کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے بانی صدر ممتاز شمیم چوہدری اور شیخ تصور حسین بھی موجود تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس حقیقت کے با وجود نریندر مودی ایک انتہا پسند ہندو تنظیم کے سر براہ ہیں اور انہوں نے بے گناہ کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں میں چاہوں گا کہ وزیر اعظم نواز شریف بھارت کا دورہ ضرور کریں کیونکہ اس سے قبل کانگریس اپنے ڈھیلے پن کی وجہ سے کشمیر کاز پر کچھ نہیں کر سکی ۔ نریندر مودی یقیناً کچھ فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت بہتر تعلقات سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل احسن انداز میں حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مذکرات کی میز پر تمام مسائل حل کرنے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کے کردارکو موثر بنانے کیلئے پالیسی ضروری ہے ۔تنقید مثبت اور تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے اور میڈیا کو غیر جانبدار رہتے ہوئے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو تمام صوبوں اور آزاد کشمیر میں وسائل کی یکساں تقسیم سے احساس محرومی ختم کرنا چاہیے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes