فیصل آباد،رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی کھجوروں کے نرخوں میں اضافہ

Published on March 23, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 239)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)فیصل آباد میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی کھجوروں کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے باعث ایرانی کھجور 350سے بڑھ کر 560روپے، مبروم 600سے بڑھ کر 800روپے اور عجوہ کھجور 2500سے بڑھ کر 3000روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس میں مزید اضافہ کا بھی خدشہ ہے۔کھجور فروخت کرنے والے دکانداران کا کہنا ہے کہ چونکہ امپورٹ ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ساتھ ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں لہٰذا وہ اپنا مناسب پرافٹ مارجن رکھتے ہوئے نرخوں میں اضافہ پر مجبور ہیں۔اس کے برعکس پرچون و ریڑھی چھابڑی فروشوں کا کہنا ہے کہ جب انہیں کھجور سپلائی کرنے والے تاجروں کی جانب سے مہنگی کھجور فراہم کی جائے گی تو وہ اسی تناسب سے گاہکوں سے نرخ وصول کرنے پر مجبور ہوں گے۔علاوہ ازیں شہریوں کا مو قف ہے کہ چونکہ افطار کے وقت سنت رسولﷺ کے طور پر ہر شخص کھجور سے روزہ افطار کرنے کو ترجیح دیتا ہے لہٰذا ماہ رمضان کے دوران کھجور کا استعمال ہر گھر کی اشد ضرورت ہے لیکن اس کے نرخوں میں اس قدر اضافہ کیا جا رہا ہے کہ غریب و کم آمدن والے شہری کھجور خریدنے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے حکام سے اپیل کی کہ وہ کھجوروں کے نرخ فور ی طور پر چیک کریں اور رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ فرزندان اسلام اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ماہ صیام کے رو زو ں کی فیوض و برکات سے مستفید ہو سکیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes