سرکاری ہسپتالوں میں چار سالہ نرسنگ ڈگری پروگرام میں داخلہ کیلئے شیڈول جاری

Published on April 3, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 331)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں چار سالہ نرسنگ ڈگری پروگرام میں داخلہ کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا۔ سرکاری ہسپتالوں کے نرسنگ کالج میں 3اپریل سے 18اپریل تک درخواستیں جمع ہونگی۔ ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کی طرف سے جاری ہونیوالے مراسلہ میں بتایا گیا کہ ضلع فیصل آباد کالج آف نرسنگ الائیڈ ہسپتال میں 100 نشستوں کے ساتھ میو ہسپتال لاہور‘ گنگارام ہسپتال لاہور‘ امیر الدین میڈیکل کالج‘ جناح ہسپتال لاہور‘ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی‘ بے نظیر شہید ہسپتال راولپنڈی‘ نشتر ہسپتال ملتان‘ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور‘ سروسز ہسپتال لاہور‘ چلڈرن ہسپتال لاہور‘ علامہ اقبال ہسپتال سیالکوٹ‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ غازی خان‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفر گڑھ اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کے نرسنگ کالجز کیلئے سو سو نشستیں ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مجموعی طور پر 28 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو 50/50 سیٹیں مختص کی گئیں ہیں۔ امیدواروں کو میٹرک سائنس کے ساتھ اور ایف ایس سی پری میڈیکل گروپ میں کم ازکم 50فیصد نمبر حاصل کرنے والے اپلائی کر سکتے ہیں۔ بی ایس نرسنگ پروگرام میں صرف خواتین امیدوار کو داخلہ ملے گا اور امیدوار کی عمر 35 سال سے زائد نہ ہو۔ امیدوار کل 3 اپریل سے 18 اپریل تک آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں اور اسکے ساتھ 500 روپے پراسیسنگ فیس کے ساتھ جمع کروانا ہونگے جبکہ داخلہ کے لیے کامیاب ہونیوالے امیدواروں کو دوران تربیت 31470 روپے کی پالیسی کے مطابق ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy