ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کی زیر صدارت یوم شہادت حضرت علی کرم کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے متعلق اجلاس کا انعقاد

Published on April 11, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 71)      No Comments


ٹھٹھہ، (یواین پی/ حمید چنڈ)ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو کی زیر صدارت 21 رمضان شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر منعقد ہونے والے مجالس عزا اور جلوسوں کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال، صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات کے متعلق دربار ہال مکلی میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جلوسوں اور ریلیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مقررہ راستوں پر مکمل چیکنگ اور سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے چیف میونسپل آفیسر اور ضلع کے تمام ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ وہ 21 رمضال المبارک سے قبل تمام مجالس و جلوسوں کی گذرگاہوں کے مقامات کی صفائی ستھرائی، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کیلئے کھلے مین ہولز کو ڈھکن لگانے کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلوسوں کے راستوں پر شرکاء کے لیے میڈیکل کیمپس کے قیام سمیت تمام ہسپتالوں اور ہیلتھ کیئر یونٹس کو ہائی الرٹ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈاکٹروں، ایمبولینسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ خاص طور پر 21 رمضان المبارک شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں اور عزاداری کے باقی ایام میں اسے کم سے کم کیا جائے جبکہ ضلع بھر کے جلوسوں کی گذرگاہوں سے بجلی کی لٹکی تاروں کو ٹھیک کرنے کو بھی یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام اور قائدین پر زور دیا کہ وہ یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر آپس میں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ میں رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکل صورتحال سے بچا جا سکے۔ قبل ازیں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹھٹہ جمعہ خان پنھور نے بتایا کہ ضلع ٹھٹہ میں ٹوٹل 32 امام بارگاہ موجود ہیں جن میں سے 2 انتہائی حساس اور 2 حساس جبکہ 28 نارمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں 30 موبائلز، 20 موٹر سائکلوں سمیت 566 پولیس جوان اور افسران تعینات کئے جائیں گے اور ساتھ ساتھ ضلع کے داخلی و خارجی روٹس کی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس موقع پر علماء کرام کی جانب سے مختلف تجاویز اور مسائل پیش کئے گئے جن کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دہانی کرائی جبکہ شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر متعلقہ افسران سمیت ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل سید طالب حسین شاہ، ضلعی صدر عزاداری کونسل سید جاوید شاہ، شیعہ سماجی کارکن ڈاکٹر عبدالحسین شاہ اور ضمیر حسین پیروزانی و دیگر مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog