شرح سُود اور ڈالر کی قدر کے اضافہ سے ملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گیاصوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان

Published on June 3, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 34)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے کہاہے کہ قرض لے کر قرضہ اُتارنے کی پالیسی سے ملک زنجیروں میں جکڑا جارہا ہے۔ آئی ایم ایف کی بدترین شرائط مسلط ہونے کے باوجود حکومت معاہدہ کرنے میں ناکام ہے۔ پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم کی معاشی ٹیم بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو معاشی بدحالی سے نہیں نکال سکتا۔انہوں نے کہا کہ شرح سُود بڑھاکر مہنگائی پر قابو پانے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔آئی ایم ایف کی ہر شرط کو آنکھیں بند کرکے ماننا انتہائی بھیانک اور تاریک مستقبل کی طرف پیش رفت ہے۔ شرح سُود اور ڈالر کی قدر کے اضافہ سے ملکی قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔خودانحصاری، غیرترقیاتی اخراجات میں 50 فیصد کمی اور اپنی قوم اور وسائل پر اعتماد اور اسلامی معاشی نظام ہی موجودہ بحران کا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی ہمیشہ سے ایک ہی پالیسی رہی ہے کہ قرض لو، اسے کھاؤ اور بعد میں مزید قرض کیلئے عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے دروازوں پر پہنچ جاؤ۔ ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکی غلامی سے نجات چاہیے۔ ملک میں آئندہ تین برسوں میں 75ارب ڈالر بیرونی قرضہ ادا کرنا ہے۔قوم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ یہ قرضے کہاں خرچ کیے گئے، حکمران قرض لے کر کھا گئے، ادائیگی کے لیے غریبوں کا خون نچوڑا جاتا ہے، اب یہ قربانی غریب نہیں حکمران اشرافیہ دے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک کو کھلونا بنا رکھاہے تودوسری طرف عالمی طاقتیں پاکستان کو لیبیا، شام بنانا چاہتی ہیں۔ایک طرف عالمی سازشیں ہیں تو دوسری جانب حکمران سیاسی جماعتیں ان کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں۔ یہ سب ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ انہی کی وجہ سے پہلے ملک ٹوٹا آج پھر قومی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog