فیصل آبادمیں 7 روز کیلئے دفعہ144 نافذ

Published on August 17, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 92)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میں بدھ کو رونما ہونیوالے توہین مذہب کے افسوسناک واقعہ کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر7 روز کیلئے دفعہ144 نافذکردی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ضلع فیصل آباد میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت 7 روز کیلئے کسی بھی جگہ پر 5 یا5 سے زائد افراد کے جمع ہونے، جلسے کرنے، جلوس نکالنے، دھرنے دینے، مظاہرے کرنے،فائرنگ،ریلیوں،امن عامہ میں خلل ڈالنے،افواہیں پھیلانے، شرپسندی، توڑ پھوڑ،جلاؤ گھیراؤ کرنے، سڑکیں بلاک کرنے، کسی بھی قسم کی سرکاری یا غیر سرکاری عمارات، اہم تنصیبات پر حملے کرکے انہیں نقصان پہنچانے، ٹریفک کا نظام مفلوج کرنے وغیرہ پر سختی سے پابندی عائد ہوگی۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سرکاری و غیر سرکاری املاک و تنصیبات کو نقصان سے بچانا انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری ہے لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے مذکورہ پابندیوں پر سختی سے عمل کروایا جائے گا اسلئے شہریوں کا فرض ہے کہ وہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے تعاون کریں تاکہ شر پسند عناصر کو بدامنی پھیلانے کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکم فوری طور پر لاگو ہوکر7 روز تک نافذ العمل رہے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog