ضلع کونسل ٹھٹھہ کا اجلاس چیئرمین عبدالحمید پنہور کی زیر صدارت شہید بینظیر بھٹو ہال میں منعقد

Published on September 7, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 45)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ) ضلع کونسل ٹھٹھہ کا اجلاس چیئرمین عبدالحمید پنہور کی زیر صدارت شہید بینظیر بھٹو ہال میں منعقد ہوا، جس میں وائس چیئرمین ممتاز علی جلبانی، چیف آفیسر سید علی حیدر شاہ سمیت مرد و خواتین ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت ضلع کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ یہاں کے عوام زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو ٹھٹھہ سے کراچی اور حیدرآباد روٹس پر پیپلز بس سروس شروع کرنے کی سفارش کی جائے گی تاکہ یہاں کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں یونین کونسل کی سطح پر ملیریا اسپرے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں ضلع کونسل کی جائیدادوں کو ٹیک اوور کرنے، کونسل کی آمدن بڑھانے، مختلف کمیٹیاں بنانے اور ترقیاتی اسکیموں کی منظوری پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین عبدالحمید پنہور نے کہا کہ نئی ترقیاتی اسکیموں میں ضلع کے تمام ممبران کو برابری کی بنیاد پر ترقیاتی اسکیمیں دی جائیں گی اور معیاری کام کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں تمام متعلقہ افسران کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی جبکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو لکھا جائے گا۔ اس موقع پر ممبران نے ضلع میں بند سکولوں کو فعال بنانے، مراکز صحت میں مطلوبہ ادویات، ڈاکٹرز و عملہ اور دیگر سہولیات کی موجودگی، پینے کے پانی سمیت زرعی زمینوں تک پانی کی رسائی کو یقینی بنانے، ضلع سے برآمد ہونے والی معدنیات سے حاصل ٹیکس سے ضلع کونسل کو حصہ دینے، ناجائز تچاوزات اور حد دخلیوں کو ختم کرنے، گٹکہ، ماوا سمیت دیگر منشیات کی روک تھام، ضلع کونسل کی جائیدادیں سے قبضہ خالی کرانے اور کرایہ بڑھانے سمیت مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جس پر چیئرمین نے اراکین سے کہا کہ تمام تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے حکام کو خط لکھا جائے گا تاکہ تمام مسائل حل ہو سکیں۔ اجلاس میں ارکان کی جانب سے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں، ساکرو اور چلیا کے قریب روڈ حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کو معاوضے کی ادائگی، حیدرآباد اور کراچی کے روٹس پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کی فٹنس سمیت مختلف قراردادیں بھی پیش کی گئیں جنہیں ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا جبکہ چیئرمین نے ساکرو اور چلیا کے قریب روڈ حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر سندھ کے مختلف علاقوں سے مغویوں کی بازیابی اور رانی پور میں فاطمہ پھرڑو اور صحافی جان محمد مہر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ آخر میں چیئرمین ضلع کونسل عبدالحمید پنہور نے کہا کہ تمام ممبران کے تعاون سے ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی جس پر تمام ممبران نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme