حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ﷺ کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے;صدر مملکت

Published on September 29, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 45)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12ربیع الاول 1445ھ/2023ءکے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ﷺ کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے، آپ ﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپؐ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت ومحبت کی مجسم تصویر ہے، آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں، آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت ِطیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے، اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات، اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپؐ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اور مذہبی تنوع کا حامل ملک ہے، یہاں اسلام کے علاوہ دیگر ادیان اور مذاہب کے لوگ بھی رہتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم اس تنوع کی قدر کریں اور اپنے ہم وطنوں کے درمیان افہام و تفہیم اور اتحاد ویگانگت کے فروغ کیلئے تندہی سے کام کریں۔عارف علوی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نبی اکرمﷺ کے مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ معاہدے اور اسلامی ریاست میں غیر مسلموں کے حقوق کو ہم سب پاکستانیوں کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے، ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ پاکستان کے اتحاد واتفاق کو نقصان پہنچانے والی قوتیں کبھی کامیاب نہ ہو پائیں، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذہبی طبقات خود کو محفوظ اور مامون محسوس کریں۔ بحیثیت قوم یہ ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ’میں نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے مبارک دن پر ہر پاکستانی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی قوم اور پوری دنیا کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمتوں کے درخواست گزار ہوں، دعا ہے کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں اور حضور نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ایک انصاف پسند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے عمل میں ہماری راہیں روشن کرتی رہیں۔ آمین!

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme