ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کو بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں کے توسیع پسندانہ عزائم کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے

Published on November 1, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 126)      No Comments

سیری (یو این پی) ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کو بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں کے توسیع پسندانہ عزائم کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے۔خواتین مادرِ وطن کی آزادی کی جدوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ شریک ہیں۔ریاست جموں کشمیر پر سے غاصبانہ قبضہ ختم کیا جائے۔آزاد کشمیر میں جاری عوامی حقوق تحریک اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے ساتھ ہیں۔ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت فوری جنگ بندی اور فلسطینی علاقوں کی آزادی کا مطالبہ۔فاطمہ مظفر، طاہرہ توقیر،عابدہ راٹھور اور دیگر کا تھلیرکالونی کوٹلی میں سفرِ آزادی خواتین کانفرنس سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ تھلیر کالونی یونٹ سٹی کوٹلی کے زیرِاہتمام تھلیر کالونی کے مقام پر ”سفرِ آزادی خواتین کانفرنس“کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی مہمانِ خصوصی امریکہ میں مقیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سینئر راہنما محترمہ فاطمہ مظفر راجہ تھیں۔کانفرنس کی صدارت لبریشن فرنٹ کی زونل وومن سیکریٹری محترمہ طاہرہ توقیر نے کی جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض محترمہ عابدہ سلطانہ ڈار نے انجام دیے۔کانفرنس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی محترمہ فاطمہ مظفر نے کہا کہ خواتین کا ریاست کی آزادی کی تحریک میں شروع سے بہت اہم کردار رہا ہے۔ آج کی خواتین پہلے کی نسبت زیادہ باشعور اور ہر شعبہ زندگی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ پیدا کیے بغیر آزادی کا حصول ممکن نہیں۔ آزادی کی تحریک کی کامیابی ہم سب سے جدوجہد اور قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لبریشن فرنٹ میں کام کرنے والی خواتین کارکنان نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ لڑنا اور جدوجہد کو آگے بڑھانا جانتی ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کی زونل وومن سیکریٹری طاہرہ توقیر نے کہا کہ سفرِ آزادی خواتین کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وہ لبریشن فرنٹ تھلیرکالونی یونٹ اور سٹی کوٹلی کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتی ہیں جن کی کاوشوں سے کامیاب کانفرنس منعقد ہوئی۔ انہوں نے کوٹلی شہر کی خواتین کارکنان اور تھلیر کالونی یونٹ سے تعلق رکھنے والی خواتین کا بھی شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ مادرِ وطن کی آزادی کی تحریک کو پوری قوت سے آگے بڑھا رہا ہے اور اس تحریک کی مضبوطی کیلئے لبریشن فرنٹ کی خواتین کارکنان اپنے کام کو مزید منظم اور مضبوط کریں گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے حکمران ریاست جموں کشمیر کے وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہے ہیں اور ریاست کی مستقل بندر بانٹ میں مصروف ہیں اس لیے ریاست کے ہر مرد و زن کا فرض ہے کہ وہ اس ظالمانہ اور غاصبانہ قبضے کے خلاف منظم ہو کر آواز بلند کرے۔انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قبضے سے خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں اس لیے خواتین کو اپنے اور اپنے خاندانوں کے تحفظ کیلئے خود کو منظم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ مقبول بٹ شہید، امان اللہ خان مرحوم اور قائد انقلاب محمد یٰسین ملک جیسے قائدین کی جماعت ہے جس کی تاریخ ریاست کی مکمل آزادی کی جدوجہد میں قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفر آزادی خواتین کانفرنس اصل میں اُس سفرِآزادی کی تیاری ہے جو اگلے سال میرپور ڈویژن سے مظفرآباد ڈویژن تک چلے گا اور پاکستانی زیرِ انتظام آزاد کشمیر کے عوام کو قومی آزادی کی پرامن سیاسی مزاحمت میں شریک بناتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کی آزادی کی جمہوری آواز بلند کرے گا۔انہوں نے آزاد کشمیر بھر میں جاری عوامی حقوق تحریک کی پرجوش حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک تحریک جاری رہے گی اور عوام بجلی کے بل ہر گز جمع نہیں کروائینگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت پاکستان اور چین ریاست جموں کشمیر پر سے اپنی اپنی افواج کا بیک وقت اور مکمل انخلاء شروع کریں اور ریاست کے عوام کو انکا حقِ آزادی واپس کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن کے آر پار ریاست کے عوام کو باہم ملنے دیا جائے، جبری طور پر تقسیم شدہ خاندانوں کے روابط اور ریاست کے تمام مقبوضہ حصوں کے عوام کے درمیان روابط کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی جیل میں قید لبریشن فرنٹ کے چیرمین اور قومی آزادی کی تحریک کے قائد محمد یٰسین ملک کی عظیم جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو یٰسین ملک اور لبریشن فرنٹ کی حمایت میں آگے بڑھ کر تحریک آزادی کوکامیاب بنانا ہو گا۔کانفرنس میں خواتین نے مندرجہ ذیل قراردادیں بھی منظور کیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题