فیصل آباد،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 19 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی

Published on December 1, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 73)      No Comments

 فیصل آباد (یو این پی)درجہ حرارت میں کمی کے باعث ڈینگی مچھر نے وار تیز کر دیئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں مزید 19 مریضوں کی تصدیق ہو گئی، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مچھر کے کاٹنے کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، پرائیویٹ کلینکس پر بھی بخار میں مبتلا ہونے والے افراد کا رش لگ گیا۔تفصیلات کے مطابق موسم میں تبدیلی اور درجہ حرارت میں کمی آنے سے مذکورہ موسم کو ڈینگی مچھر کی پرورش کیلئے موزوں ترین موسم قرار دیا جا رہا ہے۔ شہر کے بڑے الائیڈ ہسپتال ون‘ ٹو‘ ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد‘ نصرت فتح علی خان ہسپتال حسیب شہید کالونی اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں ڈینگی مچھر کے کاٹنے میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ڈینگی مچھر سے بچاؤ کیلئے حفاظتی وانسدادی اقدامات کریں۔کمروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔ گھروں کی صفائی اور پانی کو جمع نہ ہونے دیں۔ تاکہ ڈینگی مچھر کو پرورش پانے کا موقع نہ ملے۔ دوسری طرف شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی طرف سے زبانی جمع خرچ کیا جا رہا ہے اور ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے سپرے نہیں کیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ہاٹ پوائنٹس پر سپرے کروانے کے اقدامات کرے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy