حکومت کے درست معاشی اقدامات کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے؛ ایس ایم تنویر

Published on December 9, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 117)      No Comments

اوکاڑ(یواین پی/شیخ ندیم شیراز)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و زراعت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ حکومت کے درست معاشی اقدامات کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ مختلف شعبوں میں جلد اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔جس سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ پنجاب کی نگران حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لئے بھی موثر منصوبہ بندی کی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت و تجارت اوکاڑہ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کے بانی ممبر ارشد اقبال، عہدیداران اور تاجروں و صنعتکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کو تجارتی و معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے تمام ضروری سہولیات دے رہی ہے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقہ کی مشکلات اور درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس طبقہ کے نمائندہ کی حیثیت سے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے ساتھ زراعت کے شعبہ کو بھی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بھر پور انداز میں کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں نمایاں طور پر بہتری کاروباری طبقے کے لئے انتہائی خوش آئند ہے۔ صنعتکاروں اور تاجروں نے درپیش مسائل بارے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme