کراچی سے بڑے نام الیکشن لڑنے کیلئے تیار

Published on January 12, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 63)      No Comments

کراچی(یو این پی )کراچی ایک مرتبہ پھر الیکشن سے پہلے ہی خاص توجہ اور شہ سرخیوں کا مرکز بن گیا۔اس مرتبہ بھی 8 فروری کو شیڈول انتخابات میں کئی بڑے نام کراچی سے میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ان ناموں کی اپنی ایک الگ پہچان ہونے اور ساتھ میں سیاسی جماعت سے بھی وابستگی یقینی طور پر ان مقابلوں کو سنسنی خیز اور خوب تگڑا بنائے گی۔این اے 240 پر پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا، جماعت اسلامی کے سید عبدالرشید اور ایم کیو ایم کے ارشد وہرہ آمنے سامنے ہوں گے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 241 جو کہ ڈیفنس اور کلفٹن سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل ہے یہاں سے پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ، ایم کیو ایم کے فاروق ستار اور جماعت اسلامی کے عابد بیگ میدان میں ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے لیے اواب علوی، خرم شیر زمان اور مزمل اسلم کوشاں ہیں۔ضلع کیماڑی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 242 پر مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف، ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال اور پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقادر مندوخیل میدان میں ہیں۔کراچی سے قومی اسمبلی کی ایک اور نشست این اے 246 پر بھی زبردست مقابلے کا امکان ہے کیونکہ یہاں سے ایم کیو ایم کے سید امین الحق(سابق وفاقی وزیر) اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان مقابلہ ہوگا۔قومی اسمبلی کی نشست این اے 248 پر ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور جماعت اسلامی کے محمد بابر خان کا مقابلہ بھی توجہ کا مرکز بنا رہے گا۔علاوہ ازیں این اے 247 پر ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال اور جماعت اسلامی کے منعم ظفر کے درمیان بھی سخت مقابلے کا امکان ہے۔حلقہ این اے 250 پر جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن اور ایم کیو ایم کے فرحان چشتی مدمقابل ہوں گے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme