پا کستان میں کھجور کا زیر کاشت رقبہ 99404ہیکٹرز اور پیداوار564220 ٹن ہے،زرعی ترجمان

Published on January 29, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 281)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پا کستان میں کھجور کا زیر کاشت رقبہ 99404ہیکٹرز اور پیداوار564220 ٹن ہے جبکہ پنجاب میں کھجور کا زیر کاشت رقبہ 4636ہیکٹرز اور پیدا وار 37685ٹن ہے۔زرعی ترجمان نے کہاکہ پاکستان کھجور عموماً چھوہارہ کی شکل میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، کینیڈا، یونان، ڈنمارک، بھارت، جرمنی، نیپال، سپین،سری لنکا، امریکا اور برطانیہ وغیرہ کو برآمد کرتا ہے جس سے ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔پاکستان میں 300سے زائد کھجور کی اقسام ہیں۔ پنجاب میں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازیخاں ڈویژن،جھنگ اور فیصل آباد کھجور کی کاشت میں نمایاں ہیں۔ کھجور میں پھل کی نشوونما سے پہلے نر اور مادہ زردانوں کا ملاپ یا عمل زیرگی (فرٹیلائزیشن) بہت ضروری ہوتا ہے جو کہ زر پاشی (پولینیشن)کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔کھجور سے عالمی معیار کا پھل اور بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لئے زرپاشی کا عمل بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔عام طورپر کھجور کے پودوں میں عمل زیرگی قدرتی طورپر حشرات (شہد کی مکھی)، پرندوں اور ہوا کے ذریعے ہوتا ہے۔ کھجورمیں نر اور مادہ پودے الگ الگ ہوتے ہیں اور باغبان نئے باغات لگاتے وقت نر اور مادہ پودوں کا1اور10کاتناسب رکھیں۔کھجور کے زیر کاشت رقبہ میں مسلسل اضافہ کے باعث زر پاشی کے لیے نر زردانوں کا حصول مشکل ہوتاجارہا ہے اس لیے باغبانوں کو کھجور میں زر پاشی کے مصنوعی طریقوں کو اختیار کرناہوگا۔کھجور کے پھول سیپی نما خول میں پیدا ہوتے ہیں اور یہ سپییاں مارچ کے آخر تک کھلتی ہیں۔نر سپیاں مادہ سپیوں سے دس دن پہلے نکلتی ہیں لہٰذا اس لیے مصنوعی زر پاشی کے لیے نر پودے کی تیار سپیوں کوکاٹ کر سایہ میں ہوا دار جگہ پر محفوظ کریں۔ ان نر سپیوں سے پھولوں کی لڑیاں نکال کر انہیں نمی سے پاک سایہ دار جگہ پر خشک کرکے نر زردانوں کوپوڈر کی شکل میں شیشے کے ہوا بند جار یا کاغذ کے تھیلوں میں محفوظ کرلیں۔مادہ پھول نکلنے پر آلہ زر پاشی کے ذریعے کھجور کے مادہ پودوں پر ان زردانوں کا چھڑکاؤ کریں۔اس آلہ کے استعمال سے مزدوری اوروقت دونوں کی خاطر خواہ بچت ہوتی ہے۔کھجور کی کامیاب فصل لینے کے لیے ضروری ہے کہ مصنوعی زر پاشی کا عمل دو سے تین دفعہ کیا جائے اور سپیاں نکلنے کے دوران باغات کی آبپاشی بند رکھی جائے۔مادہ پھولوں میں زردانہ قبول کرنے کا وقت صر ف 72گھنٹے تک ہوتا ہے لہذا اس وقت کے اندر مصنوعی زرپاشی کا عمل مکمل کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes