آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں تین روزہ عالمی پاکستان کانگرس آف زوالوجی کا آغاز

Published on April 24, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 140)      No Comments

مظفرآباد(یو این پی ) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں تین روزہ عالمی پاکستان کانگرس آف زوالوجی کا آغاز ہوگیا ہے۔بیالیسویں (42nd) پاکستان کانگرس آف زوالوجی میں ترکی اورچین سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی کئی جامعات کے وائس چانسلرز،فیکلٹی ممبران،سکالرز طلبہ و طالبات سمیت ایک ہزار سے زائد مندوبین شریک ہیں۔پاکستان انجمن حیوانات (زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان) کے تعاون سے منعقدہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب منگل کے روز کنگ عبداللہ کیمپس جامعہ کشمیر کے مین آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر تھے۔ افتتاحی تقریب میں ملکی و غیر ملکی پروفیسرز، سینئر فیکلٹی ممبران، آزاد کشمیر حکومت کے سیکرٹری صاحبان، سربراہان محکمہ جات سمیت جامعہ کشمیر کے پرنسپل آفیسران، تدریسی شعبہ جات کے سربراہان سمیت طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چودھری لطیف اکبر نے زوالوجی کے میدان میں انتھک محنت کرنے والے محققین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی معاشرے کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج اُنہیں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں عالمی و قومی سائنسدانوں، سینئر فیکلٹی ممبران اور چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے آئے ہوئے مندوبین کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہو رہی ہے اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ یہ کانگرس اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کر سکے گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy