روزے کابنیادی مقصد سیرت وکردارکی تعمیر ہے، صدر مملکت ممنون حسین

Published on June 30, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 377)      No Comments

1
ماہ رمضان کے فیوض وبرکات سے بہرہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیں آئی ڈی پیزاوردیگرضرورت مندوں کو بھی یادرکھنا چاہیے جو اس وقت ہماری توجہ کے طلب گار ہیں
صدر مملکت ممنون حسین کا رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد(یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ کے آغاز کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اُس نے اس سال پھر ہمیں رمضان المبارک کی ساعتیں عطا فرمائیں۔ میں اس بابرکت مہینہ کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور تمام مسلم اُمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اتوار کو رمضان المبارک کا چاند دکھائی دینے کے بعد اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک سرورکائنات حضرت محمد ﷺ کے ارشاد کے مطابق اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک کے تین عشروں کو بالترتیب رحمت، مغفرت اور جہنم کی آگ سے خلاصی کا ضامن قراردیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں روزہ کا حکم دیتے ہوئے فرمایا کہ روزے تمہارے اوپر اس لئے فرض کئے گئے ہیں تاکہ تمہارے اندر تقویٰ پیدا ہو۔صدر مملکت نے کہا کہ روزے کابنیادی مقصد سیرت وکردار کی تعمیر ہے۔ روزہ ایسے تمام کاموں سے دور رہنے کی تلقین کرتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا باعث ہوں اور ایسے اُمور کی جانب راغب کرتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا موجب ہوں۔انہوں نے کہا کہ روزہ ایک عبادت ہونے کے ساتھ اخلاقی ڈسپلن کی تربیت بھی ہے۔ یہ آدمی کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ اعلیٰ اخلاقی اصولوں کے ساتھ زندگی بسر کرسکے۔ یہ انسان کو خود پر عائد کردہ پابندی کا درس دیتا ہے اور یہ خود عائد کردہ پابندی ہی تمام اصلاحات کی جان ہے۔صدر نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے۔ آپ کی جمہوری حکومت امن وامان ، معاشی صورتحال اور دیگر مسائل کے حل پر اپنی بھر پور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ماہ رمضان کے فیوض وبرکات سے بہرہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیں شمالی وزیرستان کے بھائی بہنوں کو بھی یادرکھنا چاہیے جو اس وقت ہماری توجہ کے طلب گار ہیں۔ ہمیں اُن ضرورت مندوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئیے جو ہماری مدد کے مستحق ہیں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ اس مبارک اور بابرکت مہینے کی آمد پر آئیے سب مل کر یہ عہد کریں کہ جہاں ہم اپنے مالک حقیقی کی رضا حاصل کرنے کے لئے سرگرم عمل رہیں گے وہاں اپنے معاشرے کی اصلاح کیلئے بھی تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے تاکہ معاشرے سے انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ واریت کا قلع قمع ہوسکے۔میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت اور مبارک مہینے میں پوری قوم پر اپنی رحمتوں کی بارش فرمائے اور دینی ودنیاوی کامیابی وکامرانی حاصل کرنے میں ہماری رہنمائی فرمائے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو خوشحال اور امن کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کا حامی وناصر ہو۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes