شمالی وزیرستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا تھا‘ پرویز رشید

Published on July 3, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 209)      No Comments

044
اسلام آباد۔۔۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا تھا‘ سوات میں کئے جانے والے آپریشن کے بعد دہشت گرد شمالی وزیرستان چلے گئے تھے‘ موجودہ حکومت نے بات چیت کے ذریعے قبائلی علاقوں میں قیام امن کی کوششیں کیں‘ حکومت کی قیام امن کی کوششوں کی سیاسی جماعتوں نے بھی حمایت کی لیکن دہشت گرد بات چیت کو حکومتی کمزوری سمجھتے رہے جس پر مجبوراً آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور اس فیصلے پر ملکی سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہیں، شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی مکمل کامیابی سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے بدھ کو پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی کامیابی کیلئے افغان حکام کا ساتھ دینا انتہائی ضروری ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمہ سے کابل سمیت پوری دنیا محفوظ ہوگی اور دہشت گردی کا خاتمہ صرف پاکستان ہی کیلئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے ضروری ہے۔ یہ دہشت گردی جنوبی ایشیائی خطے سمیت عالمی امن کے لئے خطرہ ہے جس کا خاتمہ ضروری ہو چکا ہے۔ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان کو الزامات کی بجائے دوطرفہ تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور دوطرفہ تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا افغانستان کے اپنے ہی مفاد میں ہے۔ پاکستان‘ خطے اور عالمی امن کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی موثر پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردوں کے خاتمے میں کامیابیاں مل رہی ہیں اور شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی مکمل کامیابی سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ شمالی وزیرستان میں ملٹری آپریشن کا مقصد دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے جس کے لئے ہماری مسلح افواج قربانیاں دے رہی ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ ہماری مسلح افواج ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ آئی ڈی پیز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا کام آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا جبکہ آئی ڈی پیز کو موبائل سروس کے ذریعے نقد رقم بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نقل مکانی کرکے آنے والے اپنے مہمان بہن بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes