نوتیراہ سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی گاڑی کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی
پشاور(یواین پی )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گذشتہ رات گئے پشاور میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی گاڑی کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ یاد رہے ، تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے ایک ہی خاندان کی گاڑی دورانِ سفر گہری کھائی میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق جبکہ والدین سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی باپ اور بیٹے کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تیراہ کے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کو ہمہ وقت کھلا رکھنے کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی تاکہ نقل مکانی کرنے والے افراد کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔مزید برآں، وزیراعلیٰ نے نقل مکانی کرنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو 1122 کی اضافی ٹیمیں اور ایمبولینسیں تعینات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی