اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس،غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

Published on July 21, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 532)      No Comments

11اقوام متحدہ/واشنگٹن (یو این پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں دو ہفتوں سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائی میں خواتین اور بچوں سمیت 500 سے زیادہ فلسطینیوں کی شہادت کے بعد جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے بھی غزہ میں ہلاکتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور وزیر خارجہ جان کیری کو جنگ بندی پر بات چیت کیلئے خطہ کے دورے پر روانہ کیا ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بننے والے علاقوں سے پیر کی صبح 25 لاشیں ملی ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے 7 بچے بھی شامل ہیں، یہ لاشیں ملنے کے بعد اسرائیلی کارروائی میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 501 ہو گئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے بند کمرہ ہنگامی اجلاس کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ایک ہی دن میں ایک سو سے زیادہ فلسطینیوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ر وانڈا کے سفیر ایکوینی گزانہ کے مطابق اجلاس میں غزہ میں جاری تشدد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرنے اور عام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے غزہ کے علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی حملوں میں 67 فلسطینیوں کے مارے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے شجاعیہ میں اسرائیلی حملوں کو فلسطینیوں کا قتل عام قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں مارے جانے والوں کی اکثریت عام شہری ہیں۔ غزہ کی سڑکوں اور گلیوں میں فلسطینی بچوں، خواتین اور مردوں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں اور اسرائیلی فوجی کارروائیاں اس قدر شدید ہیں کہ ایمبولینسوں کی نقل و حرکت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی کارروائی کے نتیجہ میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ دریں اثناء وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے فون پر گفتگو میں غزہ میں تیزی سے پھیلتی خونریزی اور ایک دن میں ایک سو فلسطینیوں کی شہادت اور 13 اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا فریقین کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے سربراہان سے مل کر کام کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں وزیر خارجہ جان کیری کو مشرق وسطیٰ روانہ کیا گیا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog