پارلیمنٹ لوگوں کے مسائل کے حل اور موجودہ نظام میں اصلاحات لانے کا انتہائی موثر فورم ہے،ماروی میمن

Published on September 3, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 387)      No Comments

111
اسلام آباد۔۔۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال سے نمٹنے اور کشیدگی ختم کرنے کیلئے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کیا ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجربہ کار قانون سازوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کو سربلند رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان واضح فرق ہے۔ تمام پارلیمانی جماعتیں جمہوریت کے تحفظ اور پارلیمنٹ کے ذریعے موجودہ نظام میں بہتری لانے کیلئے اصلاحات کیلئے متحد ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف اپنے آئینی مطالبات کے لئے دھرنا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو درپیش مسائل کے حل اور موجودہ نظام میں اصلاحات لانے کا انتہائی موثر فورم پارلیمنٹ ہے۔ ماروی میمن نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 2013ء کے انتخابات میں لینڈ سلائیڈ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو اس کامیابی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نوجوان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں جو اس حقیقت سے واضح ہے کہ اسے انتخابات میں نوجوانوں نے زیادہ تعداد میں ووٹ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اصل پوزیشن میں ہم نوجوانوں کے رہنما ہیں۔ ماروی میمن نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں پیدا کی گئی صورتحال کے باعث اقوام عالم میں ملکی تشخص متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کے چند ہزار مظاہرین ملک میں امن و امان کی صورتحال پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک دشمن عناصر کے سامنے نہیں جھکے گی اور ریاست کی رٹ ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت میں کوئی شارٹ کٹ نہیں۔ اگر کسی کو ریاستی اداروں سے غلط توقعات ہیں تو اسے ناکامی ہوگی۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کی جنہوں نے اپنے غلط عزائم کے لئے ریاستی اداروں کا نام استعمال کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog