نواز شریف کی پالیسیاں وفاق کے لئے خطرہ بن گئیں ہیں

Published on March 30, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 264)      No Comments

2
کراچی:(یو این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی پالیسیاں وفاق کے لئے خطرہ بن گئیں ہیں، جو وفاقی اکایؤں کے درمیان طلاتم کو جنم اور ایک دوسرے کے خلاف مد مقابل لا رہی ہیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک بھر کے لئے یکساں پالیسی اختیار کرنے کے بجائے، نواز شریف پنجاب کے چند مخصوص حلقوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مخصوص علاقوں کے لیے 37 ارب کے 97 گیس منصوبوں کی منظوری وفاق پر کلہاڑی چلانے اور صوبوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کے مترادف ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے گیس کمپنی کو ادائیگی کے باوجود صوبہ سندھ کے تاریخی شہر عمر کوٹ کو تاحال گیس فراہم نہیں کی گئی اور نواز شریف حکومت نے سندھ حکومت کی جانب سے دیہی و شہری علاقوں میں گھریلو استعمال کے لیے نئے کنکشنز کی لاتعداد درخواستیں رد کرچکی ہے اور مذ کورہ درخواستوں کو گیس کے نئے کنکشنز پر عائد پابندی کی بنیاد پر رد کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ پی پی پی وفاق کی زنجیر ہے، جو نواز شریف اینڈ کمپنی کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ وہ اپنے خوشامدیوں اور مراعات یافتہ لوگوں کی چند مزید سیٹوں کی خاطر وفاق کو نقصان پہنچائے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر لسانی نعرے لگاتے رہے وہ ایک بار پھر آئین شکنی کے ذریعے صوبوں کے درمیان قائم اتحاد کے لیے خطرہ بن گئے ہیں، جبکہ آئین صوبوں کے مفادات کو واضع طور پر تحفظ فراہم کرتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف ہی تھے جنھوں نے 1990 کی دھائی کے دوران کیٹی بندر اور تھر کول جیسے اہم منصوبوں کو ختم اور چھوٹے صوبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا تھا، جن کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت نے بھرتی کیا تھا۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں اختیار کردہ اس موقف کی توثیق کی کہ نئے گیس منصوبے غیر آئینی و غیر قانونی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی اور ملک کی دیگر جمہوری جماعتیں پاکستانی وفاق کو درپیش کسی بھی قسم کا ظاہری یا خفیہ خطرہ برداشت نہیں کرے گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes